Tafseer-e-Madani - Az-Zukhruf : 37
وَ اِنَّهُمْ لَیَصُدُّوْنَهُمْ عَنِ السَّبِیْلِ وَ یَحْسَبُوْنَ اَنَّهُمْ مُّهْتَدُوْنَ
وَاِنَّهُمْ : اور بیشک وہ لَيَصُدُّوْنَهُمْ : البتہ روکتے ہیں ان کو عَنِ السَّبِيْلِ : راستے سے وَيَحْسَبُوْنَ : اور وہ سمجھتے ہیں اَنَّهُمْ مُّهْتَدُوْنَ : بیشک وہ ہدایت یافتہ ہیں
اور یہ (شیاطین) ایسے لوگوں کو طرح طرح سے روکتے ہیں راہ (حق) سے مگر وہ (اپنی شومی قسمت سے) یہ سمجھتے ہیں کہ وہ راہ راست پر ہیں
49 شیطان کا کام راہ حق سے روکنا ۔ والعیاذ باللہ : سو ارشاد فرمایا گیا کہ " شیاطین طرح طرح سے روکتے ہیں اپنے دوستوں کو راہ حق سے "۔ پس جو راہ حق و صواب سے روکے وہ شیطان ہے خواہ وہ کسی بھی شکل و لباس میں ہو۔ اور ایسے " قرنا سوء " ۔ برے ساتھی ۔ انسان کو راہ حق و صواب سے طرح طرح سے روکنے اور اس کو محروم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اور اپنے طرح طرح کے من گھڑت اور خود ساختہ و بےبنیاد فلسفوں اور قسما قسم کی ملمع سازیوں کے ذریعے وہ اپنے زیغ و ضلال اور کفر و باطل کو ایسا بنا سنوار کر پیش کرتے ہیں کہ عام اور سادہ لوگوں کیلئے ان کے دام تزویر کے پھندے سے نکلنے کی گنجائش ہی باقی نہیں رہتی ۔ والعیاذ باللہ ۔ اور وہ اس کے نتیجے میں اپنے آپ کو حق اور ہدایت پر سمجھنے لگتے ہیں۔ یہاں تک کہ ہلاکت و تباہی کے دائمی گڑھے میں جا گرتے ہیں ۔ فَنَعُوْدُ باللّٰہِ مِنْ قُرَنَا ئِ السُّوْئِ وَمِنْ جُلَسَائِ الَشَرِّ وَمِنْ دُعَاۃِ الْفِتْنۃِ والْفَسَادِ وَالزَّیْغِ و الضَّلالِ ۔ اللہ تعالیٰ ہمیشہ اپنی رضا و خوشنودی کی راہوں پر گامزن رہنے کی توفیق بخشے ۔ آمین ثم آمین۔ 50 شیطان کی شیطنت کی قوت و تاثیر کا ذکر : سو اس سے واضح فرمایا گیا کہ " شیطان کی شیطنت کی قوت و تاثیر کے نتیجے کے طور پر ایسے لوگ راہ حق و صواب سے محروم ہونے کے باوجود سمجھتے ہیں کہ وہ راہ راست پر ہیں۔ یعنی ایسے لوگ گمراہی پر ہونے کے باوجود اپنے آپ کو راہ راست پر سمجھتے ہیں۔ اور یہ مرض کا سب سے سنگین اور خطرناک سٹیج ہوتا ہے کہ مریض اپنے آپ کو تندرست و صحت مند سمجھنے لگے کہ ایسے میں تو اس کا کوئی علاج ہی نہیں ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ سو اس ارشاد سے واضح فرما دیا گیا کہ اس طرح کے جو لوگ شیطان کے ہتھے چڑھتے ہیں انکا حشر یہ ہوتا ہے کہ شیاطین کا ٹولہ ان کی راہ مار دیتا ہے اور انکو راہ حق سے محروم کردیتا ہے۔ مگر ان بدبختوں کی شومئی قسمت کا حال یہ ہوتا ہے کہ وہ ان کے پھندوں میں پھنسے ہوئے ہونے کے باوجود یہ سمجھ رہے ہوتے ہیں کہ وہ سیدھی راہ پر چل رہے ہیں ۔ والعیاذ باللہ ۔ اور اس طرح وہ خسارے پر خسارے میں مبتلا ہوجاتے ہیں ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ اللہ ہمیشہ اپنے حفظ وامان میں رکھے ۔ آمین ثم آمین۔
Top