Tafseer-e-Madani - Al-Maaida : 119
قَالَ اللّٰهُ هٰذَا یَوْمُ یَنْفَعُ الصّٰدِقِیْنَ صِدْقُهُمْ١ؕ لَهُمْ جَنّٰتٌ تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِهَا الْاَنْهٰرُ خٰلِدِیْنَ فِیْهَاۤ اَبَدًا١ؕ رَضِیَ اللّٰهُ عَنْهُمْ وَ رَضُوْا عَنْهُ١ؕ ذٰلِكَ الْفَوْزُ الْعَظِیْمُ
قَالَ : فرمایا اللّٰهُ : اللہ هٰذَا : یہ يَوْمُ : دن يَنْفَعُ : نفع دے گا الصّٰدِقِيْنَ : سچے صِدْقُهُمْ : ان کا سچ لَهُمْ : ان کے لیے جَنّٰتٌ : باغات تَجْرِيْ : بہتی ہیں مِنْ تَحْتِهَا : ان کے نیچے الْاَنْھٰرُ : نہریں خٰلِدِيْنَ : ہمیشہ رہیں گے وہ فِيْهَآ : ان میں اَبَدًا : ہمیشہ رَضِيَ : راضی ہوا اللّٰهُ : اللہ عَنْهُمْ : ان سے وَرَضُوْا : اور وہ راضی ہوئے عَنْهُ : اس سے ذٰلِكَ : یہ الْفَوْزُ : کامیابی الْعَظِيْمُ : بڑی
تب اللہ فرمائے گا کہ یہ وہ دن ہے جس میں سچوں کو کام دے گا ان کا سچ، (جس کا کامل مظہر یہ ہوگا کہ) ان کے لئے ایسی عظیم الشان جنتیں ہوں گی، جن کے نیچے سے بہہ رہی ہوں گی طرح طرح کی عظیم الشان نہریں، جن میں ان کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے رہنا نصیب ہوگا،3 اللہ ان سے راضی ہوگا، اور وہ اللہ سے راضی ہوں گے یہی ہے بڑی کامیابی،
319 سچائی کے نفع دینے کا دن : سو ارشاد فرمایا گیا کہ اس پر اللہ تعالیٰ ارشاد فرمائے گا کہ یہ وہ دن ہے جس میں سچوں کو ان کی سچائی کام دے گی اور وہ اس کا پھل پائیں گے۔ اور ان کے لئے انکے صدق و صفا کے بدلے میں جنت کی ایسی بےمثال کامیابی اور دائمی نعمتوں سے سرفرازی ہوگی جس کا اس دنیا میں کوئی تصور بھی نہیں کرسکتا ۔ اَللّٰہُمَّ اجْعَلْنَا مِنْہُمْ ۔ پس جو لوگ زندگی بھر حق و صدق کی راہ پر رہے ہوں گے وہ اس روز اپنی اس سچائی کا پھل ابدی کامیابی کی صورت میں پائیں گے۔ سو حساب و کتاب اور عدل و انصاف کا وہ دن سچوں اور راست بازوں کے لئے کامیابیوں اور فائز المرامیوں کا دن ہوگا۔ اور اس روز کھرا کھوٹا نکھر کر سب کے سامنے آجائے کا ۔ وباللّٰہ التوفیق لما یحب ویرید وہو الہادی الیٰ سواء السَّبِیْلِ- 320 اصل اور حقیقی کامیابی کی نشاندہی : سو اس سے تصریح فرما دی گئی کہ اصل اور حقیقی کامیابی آخرت ہی کی کامیابی ہے جو کہ حقیقی، ابدی اور دائمی کامیابی ہوگی جس جیسی اور کوئی کامیابی ممکن ہی نہیں ۔ اَللَّٰہُمَّ شرِّفْنَا بِہٖ بِمَحْضِ مَنِّکَ وَکَرَمِکَ یَآ اَرْحَمَ الرَّاحِمِیْنَ ۔ اور جن کو یہ سب سے بڑی کامیابی نصیب ہوگی وہی ہیں اصل اور حقیقی معنوں میں کامیاب لوگ جو اس سدابہار کامیابی سے سرشار ہوں گے۔ اور یہی وہ اصل اور حقیقی کامیابی ہے جس کو ہر وقت اور ہر حال میں پیش نظر رکھنا چاہئے اور اسی کے لئے کوشش اور محنت کرنی چاہئے ۔ { لِمِثْلِ ہٰذَا فَلَیَعْمِل الْعامِلُوْن } ۔ اللہ توفیق بخشے ۔ آمین۔ جبکہ دنیا کی وہ عارضی اور وقتی کامیابیاں جن کے لیے ابنائے دنیا مرتے اور جیتے ہیں وہ سب محض سراب اور دھوکے کا سامان ہیں۔ نہ وہ کامیابیاں اصل اور ابدی ہیں اور نہ ان کو حاصل کرنے والے لوگ۔ بلکہ یہ سب کچھ فانی اور وقتی ہے ۔ والعیاذ باللہ -
Top