Tafseer-e-Madani - Al-Maaida : 78
لُعِنَ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا مِنْۢ بَنِیْۤ اِسْرَآءِیْلَ عَلٰى لِسَانِ دَاوٗدَ وَ عِیْسَى ابْنِ مَرْیَمَ١ؕ ذٰلِكَ بِمَا عَصَوْا وَّ كَانُوْا یَعْتَدُوْنَ
لُعِنَ : لعنت کیے گئے (ملعون ہوئے الَّذِيْنَ كَفَرُوْا : جن لوگوں نے کفر کیا مِنْ : سے بَنِيْٓ اِسْرَآءِيْلَ : بنی اسرائیل عَلٰي : پر لِسَانِ : زبان دَاوٗدَ : داود وَعِيْسَى : اور عیسیٰ ابْنِ مَرْيَمَ : ابن مریم ذٰلِكَ : یہ بِمَا : اس لیے عَصَوْا : انہوں نے نافرمانی کی وَّكَانُوْا : اور وہ تھے يَعْتَدُوْنَ : حد سے بڑھتے
لعنت کردی گئی بنی اسرائیل کے کافروں پر داؤد، اور عیسیٰ بن مریم،1 کی زبان سے، (اور) یہ اس لئے کہ انہوں نے نافرمانی کی، اور یہ لوگ تجاوز کرتے تھے (اللہ کی مقرر کی ہوئی حدوں سے)
198 بنی اسرائیل کے منکروں پر لعنت کا ذکر : سو اس سے واضح فرما دیا گیا کہ بنی اسرائیل میں کے منکروں پر چاروں آسمانی کتابوں میں لعنت کی گئی۔ سو ان پر زبور میں بھی لعنت کی گئی ہے اور انجیل میں بھی۔ اَصحاب السبت پر لعنت ہوئی تو وہ مسنح ہو کر بندر اور خنزیر بنا دیے گئے۔ اور اسی طرح اصحاب مائدہ پر بھی لعنت ہوئی تو وہ بھی اپنے اس برے انجام سے دوچار ہوئے جو ان کے لائق تھا ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ (صفوۃ التفاسیر، تفسیر القاسمی وغیرہ) ۔ سو بنی اسرائیل کے کافروں پر لعنت قدیم ہے۔ زبور، انجیل، تورات اور قرآن حکیم سب ہی میں ان پر لعنت وارد ہوئی ہے۔ (ابن کثیر وغیرہ) ۔ حضرات اہل علم سے مروی ہے کہ یہود نے فخر جتلاتے ہوئے کہا کہ ہم لوگ نبیوں کی اولاد ہیں۔ تو اس پر اس ارشاد ربانی کے ذریعے بتلایا گیا کہ یہ لوگ فخر کے لائق نہیں بلکہ ملعون لوگ ہیں۔ (خازن، جامع البیان وغیرہ) ۔ اور ان پر یہ لعنت ان کے اپنے اختیار کردہ کفر و انحراف کی بنا پر ہوئی ۔ والعیاذ باللہ -
Top