Tafseer-e-Madani - Al-Maaida : 79
كَانُوْا لَا یَتَنَاهَوْنَ عَنْ مُّنْكَرٍ فَعَلُوْهُ١ؕ لَبِئْسَ مَا كَانُوْا یَفْعَلُوْنَ
كَانُوْا لَا يَتَنَاهَوْنَ : ایک دوسرے کو نہ روکتے تھے عَنْ : سے مُّنْكَرٍ : برے کام فَعَلُوْهُ : وہ کرتے تھے لَبِئْسَ : البتہ برا ہے مَا كَانُوْا : جو وہ تھے يَفْعَلُوْنَ : کرتے
یہ آپس میں ایک دوسرے کو روکتے (اور خود کرتے) نہیں تھے، اس برائی سے جس کا ارتکاب یہ لوگ کرتے تھے، بڑے ہی برے تھے وہ کام جو یہ لوگ کر رہے تھے،2
199 بنی اسرائیل کے اس ہولناک انجام کے اسباب و وجوہ کا ذکر وبیان : سو اس سے تصریح فرما دی گئی کہ ان بدبختوں کا یہ ہولناک انجام اس لیے ہوا کہ یہ لوگ معصیت اور نافرمانی ہی کرتے جا رہے تھے۔ اللہ تعالیٰ کی مقرر کردہ حدود سے تجاوز کرتے تھے۔ اور یہ لوگ رکتے تھے ان برائیوں سے جن کا ارتکاب یہ کر رہے تھے۔ اور بڑے ہی برے کام تھے وہ جو یہ لوگ کرتے رہے تھے۔ سو اس سے امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کی عظمت و اہمیت واضح ہوجاتی ہے اور اس سے امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے فریضے کی اہمیت کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔ لیکن افسوس کہ مسلمان آج اس اہم فریضے سے غافل ہے ۔ اِلا ماشاء اللہ ۔ حالانکہ حضور نے فرمایا کہ " قسم ہے اس ذات کی جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے کہ تمہیں نیکی کی تعلیم بہرحال دینا ہوگی اور برائی سے روکنا ہوگا ورنہ وہ وقت دور نہیں کہ اللہ تم پر ایسا عذاب مسلط کر دے کہ اس کے بعد تم اس کو پکارو بھی تو تمہاری شنوائی نہ ہو "۔ (ترمذی : کتاب الفتن، مسند امام احمد) ۔ والعیاذ باللہ ۔ یہاں پر اس آیت کریمہ میں جو لفظ۔ { یَتَنَاہَوْنَ } ۔ اِرشاد ہوا ہے اس کے دو معنیٰ ہوسکتے ہیں۔ ایک یہ کہ اس کو طرفین سے متعلق قرار دیا جائے۔ یعنی وہ ایک دوسرے کو برائی سے روکتے نہیں تھے۔ اور دوسرے یہ کہ اس کو " تَنَا ھیٰ " بمعنی لازم سے مانا جائے۔ یعنی یہ کہ وہ برائی سے خود رکتے نہیں تھے۔ حضرات اہل علم نے ان دونوں احتمالوں کی تصریح کی ہے۔ (جامع البیان، مدارک التنزیل وغیرہ) ۔ اپنے ترجمہ میں ہم نے ان دونوں کو ذکر کردیا ہے ۔ والحمد للہ ۔ سو مومن کی شان یہ ہے کہ وہ برائی سے خود بھی رکے اور دوسروں کو بھی روکے کہ اس سے صلاح بھی مطلوب ہے اور اصلاح بھی۔ اور انہی کے پاس اس وقت صلاح و اصلاح کرنے والا وحی خداوندی کا وہ نورمبین موجود ہے جو حضرت حق کی طرف سے اتارا گیا ہے جبکہ باقی تمام دنیا اندھیروں میں پڑی ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم -
Top