Tafseer-e-Madani - Adh-Dhaariyat : 10
قُتِلَ الْخَرّٰصُوْنَۙ
قُتِلَ : مارے گئے الْخَرّٰصُوْنَ : اٹکل دوڑانے والے
ہلاک ہوگئے وہ اٹکل پچو باتیں بنانے والے
[ 9] اٹکل پچو باتوں کی پیروی باعث ہلاکت و تباہی۔ والعیاذ باللّٰہ : سو ارشاد فرمایا گیا کہ ہلاک ہوگئے وہ لوگ جو اٹکل پچو باتیں بناتے اور غفلت میں پڑے بھولے ہوئے ہیں۔ یعنی ان کو پھٹکار پڑگئی اور وہ اللہ تعالیٰ کی رحمت سے دور ہوگئے کیونکہ جو اللہ کی رحمت سے دور ہوگیا اور اس پر پھٹکار پڑگئی وہ یقینا ہلاک ہوگیا [ المراغی، الصلوۃ وغیرہ ] والعیاذ باللّٰہ سو ایسے لوگوں نے جب عقل و خرد سے کام لینا چھوڑ دیا، اور یہ اھوا و اغراض کے پیچھے لگ کر حیوان محض بن گئے، اور بطن و فرج کے تقاضوں کی تکمیل میں منہمک ہوگئے اور یہ محروم اور ہلاک ہوگئے، سو نور حق و ہدایت سے منہ موڑنے کے بعد یہ لوگ اندھے اور اوندھے بن گئے، اور اٹکل کے تیر چلانے لگے اور انہوں نے اپنے انہی تیرتکوں پر اعتماد کرتے ہوئے عقل و فکر سے کام لینا بھی چھوڑ دیا جس کے نتیجے میں اس کو آفاق وانفس میں پھیلی بکھری نشانیاں نظر نہیں آتیں۔ اور اس طرح ان کا وہ نور فطرت بھی بجھ گیا جو قدرت نے ان کی فطرت اور جبلت کے کی اندرودیعت فرمایا تھا۔ اور اس طرح ایسے لوگ اندھیر در اندھیر کے اندر مبتلا ہوگئے اور خسر الدنیا والآخرۃ کا مصداق بن گئے جو کہ بہرکیف خساروں کا خسارہ اور خسران مبین ہے۔ اور یہی نتیجہ ہوتا ہے نور حق و ہدایت سے منہ موڑنے کا، والعیاذ باللّٰہ جل وعلا سبحانہ وتعالیٰ ۔
Top