Tafseer-e-Madani - Ar-Rahmaan : 20
بَیْنَهُمَا بَرْزَخٌ لَّا یَبْغِیٰنِۚ
بَيْنَهُمَا بَرْزَخٌ : ان دونوں کے درمیان ایک پردہ ہے لَّا يَبْغِيٰنِ : نہیں وہ تجاوز کرتے۔ آگے بڑھتے
(مگر ان دونوں کے درمیان ایک ایسا پردہ ہے کہ وہ دونوں (اپنی حدوں سے) بڑھ نہیں سکتے
[ 18] پانی کے دو عظیم الشان ذخیروں کی نعمت کا ذکر وبیان : سو اس سے واضح فرمایا گیا کہ میٹھے اور کھاری پانی کے دونوں ذخیرے قدرت کی رحمت و عنایت اور اس کی حکمت بالغہ کا ایک اور عظیم الشان مظہر اور نشان ہے ؟ جو تم لوگوں کو اپنی زبان حال سے درس عبرت و بصیرت اور دعوت غور و فکر دے رہا ہے۔ تاکہ اس طرح تم لوگ حق اور حقیقت تک رسائی حاصل کرسکو، اور راہ حق و صواب کو اپنا سکو۔ بہرکیف اس ارشاد سے واضح فرما دیا گیا کہ قدرت کی رحمت و عنایت کا ایک اور عظیم الشان نشان میٹھے اور کھاری پانی کا یہ پُر حکمت نظام بھی ہے۔ یعنی اس قادر مطلق رب و رحیم نے اپنی قدرت بےپایاں اور حکمت بالغہ سے میٹھے اور کھاری پانی کے دو الگ الگ اور عظیم الشان ذخیرے رکھ دئیے، جن میں سے ہر ایک کے ساتھ مخلوق کے طرح طرح کے اور بیشمار و لاتعداد فوائد و منافع وابستہ ہیں، پھر کھاری پانی کو سمندروں کی شکل میں بند کردیا، اور میٹھے کو دریاؤں، نہروں اور چشموں وغیرہ کی صورت میں بہا دیا، اور ان دونوں کے درمیان زمین کا ایسا پردہ حائل کردیا کہ یہ دونوں ایک دوسرے میں مل نہیں سکتے، [ ابن کثیر، صفوۃ التفاسیر وغیرہ ] ورنہ مخلوق کا زندہ رہنا نہ صرف یہ کہ مشکل ہوجاتا بلکہ ممکن نہ رہتا، سو یہ کس قدر عظیم الشان کرم و احسان ہے اس خالق ومالک کا جس سے اس نے اپنے بندوں کو بالخصوص اور باقی طرح طرح کی دوسری مخلوق کو بالعموم نوازا ہے، اور یہ عجیب و غریب اور حکمتوں بھرا محیر العقول نظام اس قادر مطلق کے سوا اور کون قائم کرسکتا ہے ؟ فلہ الحمد ولہ الشکر۔ سو کتنے ظالم اور کس قدر بےانصاف ہیں وہ لوگ جو اس واہب مطلق جل وعلا شانہ سے منہ موڑ کر دوسری خود ساختہ اور من گھڑت چیزوں کی پوجا کرتے ہیں، اور خڈاوند قدوس کی اس عظیم الشان اور محیر العقول کارستانی کو بچشم خود دیکھنے اور اس سے طرح طرح سے مستفید و فیضیاب ہونے کے باوجود خالق ومالک سے منہ موڑے ہوئے ہیں، اور اس کے حق اطاعت و بندگی سے غافل و لاپرواہ ہیں، بلکہ کتنے ہی بدبخت ایسے ہیں جو اس خالق ومالک کے آگے جھکنے اور سجدہ ریز ہونے کی بجائے جل پوجا کے نام سے اسی پانی کی پوجا کرتے ہیں اور ناشکری اور کفر و شرک کے ہولناک جرم کے مرتکب ہوتے ہیں۔ والعیاذ باللّٰہ العظیم۔ اللہ تعالیٰ ہمیشہ اور ہر اعتبار سے اپنی حفاظت و پناہ میں رکھے۔ اور نفس و شیطان کے ہر مکر و فریب سے محفوظ و سلامت رکھے، آمین ثم آمین یا رب العالمین یا ارحم الراحمین واکرم الاکرمین،
Top