Tafseer-e-Madani - At-Taghaabun : 13
اَللّٰهُ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ١ؕ وَ عَلَى اللّٰهِ فَلْیَتَوَكَّلِ الْمُؤْمِنُوْنَ
اَللّٰهُ : اللہ تعالیٰ لَآ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ : نہیں کوئی الہ برحق مگر وہی وَعَلَي اللّٰهِ : اور اللہ پر ہی فَلْيَتَوَكَّلِ الْمُؤْمِنُوْنَ : پس چاہیے کہ توکل کریں مومن
اللہ وہ ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں اور اللہ ہی پر بھروسہ کرنا چاہیے ایمان والوں کو
27 ۔ ایمان کا تقاضا کہ بھرسہ اللہ تعالیٰ ہی پر ہو : چناچہ ارشاد فرمایا گیا کہ حصر و قصر کے اسلوب انداز میں ارشاد فرمایا گیا کہ اللہ ہی پر بھروسہ کرنا چاہیے ایمان والوں کو کہ ان کے ایمان کا تقاضا یہی ہے کہ وہ اسی وحدہ لاشریک پر دل کا بھروسے رکھیں کہ وہی وحدہ لاشریک ہے جو خالق کل بھی ہے اور مالک کل بھی، قادر مطلق بھی اور کارساز و مختار کل بھی، جل شانہ وعز برھانہ، پس دل کا اعتماد و بھروسہ ہمیشہ اسی پر اور صرف اسی وحدہ لاشریک پر ہونا چاہیے کہ جب معبود برحق اور اس پوری کائنات کا خالق ومالک اور اس میں حاکم و متصر وہی وحدہ لا شریک ہے تو پھر نفع و نقصان کے سب اختیارات بھی اسی کے قبضہ قدرت و اختیار میں ہیں۔ سبحانہ وتعالی۔ تو پھر ایسے میں بھروسہ اور اعتماد کے لائق اس وحدہ لاشریک کے سوا اور کون ہوسکتا ہے ؟ سبحانہ وتعالی، اللہ ہمیشہ ہر حال میں اور ہر اعتبار سے اپنا ہی بنائے رکھے، اور ہمیشہ اور ہر حال میں اپنی حفاظت و پناہ میں رکھے، آمین ثم آمین یا رب العالمین۔
Top