Tafseer-e-Madani - Al-Mulk : 14
اَلَا یَعْلَمُ مَنْ خَلَقَ١ؕ وَ هُوَ اللَّطِیْفُ الْخَبِیْرُ۠   ۧ
اَلَا يَعْلَمُ : کیا نہیں جانے گا مَنْ خَلَقَ : وہ جس نے پیدا کیا وَهُوَ اللَّطِيْفُ : اور وہ باریک بین ہے الْخَبِيْرُ : باخبر ہے
کیا وہی نہ جانے گا جس نے خود پیدا کیا ہے ؟ جب کہ وہ (ذات اقدس) انتہائی باریک بیں بھی ہے اور نہایت باخبر بھی ؟
18 اللہ بڑا ہی لطیف وخبیر ہے۔ سبحانہ و تعالیٰ : سو ارشاد فرمایا گیا اور حصر و قصر کے ساتھ ارشاد فرمایا گیا کہ وہ انتہائی باریک بیں بھی ہے اور نہایت باخبر بھی۔ پس وہ ضرور ہی جانے گا ‘ اور بھرپور طریقے سے اور ٹھیک ٹھیک جانے گا ‘ اس لئے اس کے یہاں ظاہر کے ساتھ ساتھ اپنے باطن کا معاملہ بھی درست رکھنے کی فکر و کوشش کرو ‘ اللہ توفیق بخشے آمین ‘ سو اس سے واضح فرما دیا گیا کہ اس سے کسی کی کوئی بھی حالت اور کیفیت مخفی اور مستور نہیں رہ سکتی ‘ کہ وہ خالق بھی ہے اور لطیف وخبیر بھی ‘ اور علیم بذات الصدور بھی ‘ سو اس میں منکرین کیلئے تہدید و تنبیہہ بھی ہے کہ وہ حق اور اہل حق کے خلاف جو بھی کچھ کہتے اور کرتے ہیں ‘ اس کو اپنے طور پر یہ لوگ خواہ کتنا ہی مخفی اور مستور رکھنے کی کوشش کریں ‘ وہ اس کو اس سے کسی بھی طرح چھپا نہیں سکتے ‘ بس ان کو اپنے کئے کرائے کا بھگتان بہرحال بھگتنا ہوگا اور دوسری طرف اس میں ان خوش نصیبوں کیلئے تسکین وتسلیہ کا سامان بھی ہے جو بن دیکھے اپنے رب سے ڈرتے ہیں ‘ کہ تم لوگ رات کی خلوتوں میں اپنے رب سے راز و نیاز کی جو باتیں کرتے ہو ‘ وہ بھی اس کے علم میں ہیں اور دن کی جلوتوں میں بھی جو کچھ کرتے ہو وہ بھی اس کے سامنے ہے ‘ اور تمہارے دلوں کے اندر جو کچھ ہے وہ بھی اس سے مخفی نہیں ‘ کہ اس کے یہاں غیب و شہادت اور نہاں وعیاں سب ایک برابر ہے ‘ سبحانہ و تعالیٰ ۔ پس تم اطمینان رکھو کہ تمہاری رائی کے دانے کے برابر بھی کوئی نیکی رائیگاں نہیں جائے گی ‘ بلکہ تمہیں تمہارے عمل کا پورا پورا بدلہ ملے گا اور کئی گنا بڑھا دیا جائے گا۔ وباللہ التوفیق لما یحب ویریدو علی مایحب ویرید۔ اللہ تعالیٰ ہمیشہ اپنی رضا و خوشنودی کی راہوں پر چلنا نصیب فرمائے۔ آمین ثم آمین۔
Top