Tafseer-e-Madani - Al-Haaqqa : 3
وَ مَاۤ اَدْرٰىكَ مَا الْحَآقَّةُؕ
وَمَآ اَدْرٰىكَ : اور کیا تم سمجھے مَا الْحَآقَّةُ : کیا ہے قیامت
اور تم کیا جانو کہ کیا ہے وہ ہو کر رہنے والی
3 قیامت کی ہولناکی کی تاکید مزید کا اظہار وبیان : سو قیامت کی ہولناکی کی تاکید مزید کے طور پر استفہام مکرر کے ساتھ ارشاد فرمایا گیا اور تم کیا جانو کہ کیا ہے وہ ہو کر رہنے والی ؟ : کہ تم نے اس کو دیکھا نہیں اس لئے اس کی کنہہ اور حقیقت کو پوری طرح پالینا تمہارے حیطہ بس و امکان سے باہر ہے، (روح، قرطبی، مدارک، محاسن، کبیر وغیرہ) سو اس لفظ کے اس طح کے اعادہ و تکرار سے اس کے ہول و خوف اور اس کی دہشت و بےپناہی کو اور واضح اور موکد فرما دیا گیا ہے، سو کون جان سکتا ہے اور کون بتاسکتا ہے کہ وہ ہونی شدنی کتنی عظیم اور کس قدر ہولناک حقیقت ہے، سو جب وہ ظہور میں آئے گی تو اس وقت کیا گزرے گی ان لوگوں پر جو آج اس کو جھٹلا رہے ہیں اور اس سے اور اس کے تقاضوں سے غفلت و لاپرواہی برت رہے ہیں ؟ والعیاذ باللہ العظیم۔ اس لئے تاکید در تاکید اور استفہام مکرر کے ساتھ قیامت کے اس حادثہ کبریٰ کو موکد کر کے ذکر وبیان فرمایا گیا ہے کہ انسان اور غافل انسان چونک کر خواب غفلت سے بیدار ہوجائے اور اس کے لئے فکر و تیاری میں لگ جائے قبل اس سے کہ عمر رواں کی یہ فرصت محدود اس کے ہاتھ سی نکل جائے اور یہ ہمیشہ ہمیش کے خسارے اور عذاب میں مبتلا ہوجائے۔ والعیاذ باللہ العظیم
Top