Tafseer-e-Madani - Al-A'raaf : 71
قَالَ قَدْ وَ قَعَ عَلَیْكُمْ مِّنْ رَّبِّكُمْ رِجْسٌ وَّ غَضَبٌ١ؕ اَتُجَادِلُوْنَنِیْ فِیْۤ اَسْمَآءٍ سَمَّیْتُمُوْهَاۤ اَنْتُمْ وَ اٰبَآؤُكُمْ مَّا نَزَّلَ اللّٰهُ بِهَا مِنْ سُلْطٰنٍ١ؕ فَانْتَظِرُوْۤا اِنِّیْ مَعَكُمْ مِّنَ الْمُنْتَظِرِیْنَ
قَالَ : اس نے کہا قَدْ وَقَعَ : البتہ پڑگیا عَلَيْكُمْ : تم پر مِّنْ : سے رَّبِّكُمْ : تمہارا رب رِجْسٌ : عذاب وَّغَضَبٌ : اور غضب اَتُجَادِلُوْنَنِيْ : کیا تم جھگڑتے ہو مجھ سے فِيْٓ : میں اَسْمَآءٍ : نام (جمع) سَمَّيْتُمُوْهَآ : تم نے ان کے رکھ لیے ہیں اَنْتُمْ : تم وَاٰبَآؤُكُمْ : اور تمہارے باپ دادا مَّا نَزَّلَ : نہیں نازل کی اللّٰهُ : اللہ بِهَا : اس کے لیے مِنْ : کوئی سُلْطٰنٍ : سند فَانْتَظِرُوْٓا : سو تم انتظار کرو اِنِّىْ : بیشک میں مَعَكُمْ : تمہارے ساتھ مِّنَ : سے الْمُنْتَظِرِيْنَ : انتظار کرنے والے
کہا بیشک واقع ہوچکا ہے تم پر تمہارے رب کی طرف سے ایک سخت عذاب اور بڑا غضب، کیا تم لوگ مجھ سے جھگڑتے ہو ان (بےحقیقت) ناموں کے بارے میں، جن کو گھڑا ہے خود تم نے اور تمہارے باپ دادوں نے ؟ نہیں اتاری اللہ نے ان کے بارتے میں کوئی سند، پس تم انتظار کرو میں بھی تمہارے ساتھ انتظار میں ہوں،3
94 انکار و تکذیبِ حق کا نتیجہ و انجام، ہلاکت و تباہی : سو قوم کے اس مطالبے کے جواب میں حضرت ھود (علیہ السلام) نے ان سے فرمایا کہ بیشک واقع ہوچکا تم پر تمہارے رب کی جانب سے ایک ہولناک عذاب اور سخت غضب۔ کیونکہ کفر و شرک کی جس غلاظت و نجاست میں تم لوگ غرق ہو وہ اس عذاب کو کھینچ لانے والی ہے۔ اور اس کا نتیجہ اور آخری انجام بہرحال ہلاکت و تباہی ہے۔ سو عاد کی اس بدبخت قوم پر ایک ایسی ہولناک آندھی کا عذاب بھیجا گیا جو ان پر سات راتوں اور آٹھ دنوں تک مسلسل لگاتار مسلط رہا۔ ( سورة الحاقۃ آیت نمبر 6 اور 7) ۔ وہ آندھی ان لوگوں کو اس طرح اٹھا اٹھا کر پھینک رہی تھی جیسے وہ اکھڑی ہوئی کھجوروں کے تنے ہوں ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ بہرکیف حضرت ھود نے اپنے اس جواب میں ان لوگوں سے فرمایا کہ جس عذاب کا مطالبہ تم لوگ کر رہے ہو اس میں اب کچھ دیر نہیں۔ تم اس کو آیا ہی سمجھو۔ کیونکہ جس گندگی اور ناپاکی سے خدا کا عذاب بھڑکتا ہے اس کی بہت بڑی کھیپ تم لوگوں نے اپنے اوپر لادلی ہے۔ اور " رجس " کا اتنا بڑا انبار جمع کرلینے کے بعد اب تم لوگ خدا کے صاعقہ عذاب کو دور نہ سمجھو ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ 95 معبودان باطلہ محض من گھڑت نام ہیں، جن کی کوئی حقیقت نہیں : سو ایسے خودساختہ اور بےسند معبودوں کی پوجا محض حماقت ہے۔ سو ان میں سے کسی کا نام تم نے لات رکھ دیا اور کسی کا عزی و منات وغیرہ۔ اور ان کی ان لوگوں نے مختلف شکلیں اور مورتیاں بنا رکھی تھیں جیسے ہندوؤں نے گنیش، ہنومان وغیرہ مختلف ناموں سے کئی قسم کی مورتیاں تراش رکھی ہیں۔ یا جیسے اہل بدعت نے " بلیوں والی سرکار "، " کانواں والی سرکار " وغیرہ ناموں سے کئی سرکاریں بنا رکھی ہیں۔ اور " داتا گنج بخش " اور " غریب نواز " جیسے اسماء و اَلقاب ازخود گھڑ کر اللہ پاک کی کچھ مقدس ہستیوں کے لئے تجویز کر رکھے ہیں۔ اور کئی طرح کے آستانے بنا اور سجا رکھے ہیں۔ جہاں طرح طرح کی شرکیات کا ارتکاب کیا جاتا ہے۔ اور اس طرح کے کاروبار چلانے کے لئے ان لوگوں نے طرح طرح کے من گھڑت قصے اور افسانے بنا اور پھیلا رکھے ہیں ۔ والعیاذ باللہ -
Top