Tafseer-e-Madani - Al-Insaan : 4
اِنَّاۤ اَعْتَدْنَا لِلْكٰفِرِیْنَ سَلٰسِلَاۡ وَ اَغْلٰلًا وَّ سَعِیْرًا
اِنَّآ : بیشک ہم اَعْتَدْنَا : ہم نے تیار کیا لِلْكٰفِرِيْنَ : کافروں کے لئے سَلٰسِلَا۟ : زنجیریں وَاَغْلٰلًا : اور طوق وَّسَعِيْرًا : اور دہکتی آگ
بلاشبہ ہم نے تیار کر رکھی ہیں کافروں کے لئے بڑی ہولناک زنجیریں بھاری طوق اور ایک بڑی ہی (خوفناک اور) دہکتی آگ
8 منکرین کیلئے ہولناک عذاب کا ذکر وبیان : سو ارشاد فرمایا گیا کہ منکرین کیلئے ہم نے بڑی ہولناک زنجیریں، اور بڑے ہی بھاری بھرکم طوق تیار کر رکھے ہیں، اور ایک انتہائی ہولناک دہکتی بھڑکتی آگ بھی۔ سو اس سے واضح ہوجاتا ہے کہ خیر و شر کے درمیان فرق وتمیز کا لازمی نتیجہ جزا و سزا ہے۔ اس لئے فرمایا گیا اور حرف تاکید کے ساتھ ارشاد فرمایا گیا کہ بلاشبہ ہم نے کافروں کیلئے ہولناک زنجیریں، بھاری طوق اور دہکتی آگ تیار کر رکھی ہے، کہ انہوں نے اس دنیا میں اپنے آپ کو خود ہی رسم و رواج کی جکڑ بندیوں اور عادات و تقالید کے پھندوں میں پھنسا کر حق سے محروم کردیا تھا، اور خود کو خواہشات نفس کے جحیم کے حوالے کردیا تھا، والعیاذ باللہ العظیم۔ سو اس سے خیر و شر کے درمیان فرق وتمیز کے لازمی نتیجہ کو واضح فرما دیا گیا، کہ کفر و انکار کی سزا ان لوگوں کو ایسی اور ایسی ملے گی ۔ اور منکرین جن جکڑ بندیوں میں آج بند، اور پھنسے ہوئے ہیں قیامت کے کشف حقائق کے اس جہاں میں وہ سب کچھ ان کے سامنے آجائے گا۔ اللہ تعالیٰ ہمیشہ اور ہر حال میں اپنی رضا کی راہوں پر قائم رکھے ‘ آمین۔
Top