Tafseer-e-Madani - At-Tawba : 119
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللّٰهَ وَ كُوْنُوْا مَعَ الصّٰدِقِیْنَ
يٰٓاَيُّھَا : اے الَّذِيْنَ اٰمَنُوا : جو لوگ ایمان لائے (مومن) اتَّقُوا اللّٰهَ : ڈرو اللہ سے وَكُوْنُوْا : اور ہوجاؤ مَعَ : ساتھ الصّٰدِقِيْنَ : سچے لوگ
ایمان والو ! ڈرو تم اللہ سے اور ساتھ دو سچوں کا، (مدینہ والوں کا)
214 عظیم الشان دونکاتی انقلاب آفرین پروگرام : سبحان اللہ۔ کیسا عظیم الشان اور انقلاب آفرین دونکاتی پروگرام تعلیم فرمایا گیا ہے کہ ایک تو تم خودمتقی اور پرہیزگار بن جاؤ۔ یعنی ہراس چیز سے بچوجو تمہارے خالق ومالک کی ناراضگی کا باعث ہو۔ اس طرح تم خود پاکیزہ اور قیمتی انسان بن جاؤگے۔ اور اس کے بعد دوسراکام یہ کرو کہ تم دوسرے سچے متقی اور پرہیزگار لوگوں کا ساتھ دو تاکہ اس طرح تم حق اور اہل حق اور سچ اور سچوں کی قوت کا ذریعہ بنو۔ اور اس طرح پورا معاشرہ پاکیزہ اور نمونے کا معاشرہ بن جائے اور اس طرح ایسے سب لوگ دارین کی سعادت و سرخروئی سے سرفراز ہوسکیں۔ وباللہ التوفیق وھوالمیسر لکل عسیر۔ بہرکیف سچوں کی معیت اور ان کا ساتھ دینے سے جہاں ایک طرف مومن دوسرے مومنوں کی تائید وتقویت کا ذریعہ وسبب بنتا ہے وہیں دوسری طرف اس میں انسان کی خود اپنی اصلاح وترقی کا سامان بھی ہے کیونکہ بروں کی صحبت اور ان کی معیت سے انسان کے اندران کے برے اثرات اور ان کے جراثیم پیدا ہوتے ہیں جس کے نتیجے میں انسان بگڑتے بگڑتے کہیں کا کہیں جاپہنچتا ہے۔ یہاں تک کہ رفتہ رفتہ وہ انہی کے زمرے کا آدمی بن جاتا ہے۔ والعیاذ باللہ العظیم۔ اسی لیے مسلمانوں کو دارالکفر سے نکل کر دارالاسلام میں آنے کا حکم و ارشاد فرمایا گیا تاکہ وہ ان کے اثرات بد سے بچ سکیں۔ واباللہ التوفیق لمایحب ویریدوعلیٰ مایحب ویرید، وہوالہادی الیٰ سواء السبیل۔
Top