Madarik-ut-Tanzil - An-Nahl : 81
وَ اللّٰهُ جَعَلَ لَكُمْ مِّمَّا خَلَقَ ظِلٰلًا وَّ جَعَلَ لَكُمْ مِّنَ الْجِبَالِ اَكْنَانًا وَّ جَعَلَ لَكُمْ سَرَابِیْلَ تَقِیْكُمُ الْحَرَّ وَ سَرَابِیْلَ تَقِیْكُمْ بَاْسَكُمْ١ؕ كَذٰلِكَ یُتِمُّ نِعْمَتَهٗ عَلَیْكُمْ لَعَلَّكُمْ تُسْلِمُوْنَ
وَاللّٰهُ : اور اللہ جَعَلَ : بنایا لَكُمْ : تمہارے لیے مِّمَّا : اس سے جو خَلَقَ : اس نے پیدا کیا ظِلٰلًا : سائے وَّجَعَلَ : اور بنایا لَكُمْ : تمہارے لیے مِّنَ : سے الْجِبَالِ : پہاڑوں اَكْنَانًا : پناہ گاہیں وَّجَعَلَ : اور بنایا لَكُمْ : تمہارے لیے سَرَابِيْلَ : کرتے تَقِيْكُمُ : بچاتے ہیں تمہیں الْحَرَّ : گرمی وَسَرَابِيْلَ : اور کرتے تَقِيْكُمْ : بچاتے ہیں تمہیں بَاْسَكُمْ : تمہاری لڑائی كَذٰلِكَ : اسی طرح يُتِمُّ : وہ مکمل کرتا ہے نِعْمَتَهٗ : اپنی نعمت عَلَيْكُمْ : تم پر لَعَلَّكُمْ : تاکہ تم تُسْلِمُوْنَ : فرمانبردار بنو
اور خدا ہی نے تمہارے (آرام کے) لئے اپنی پیدا کی ہوئی چیزوں کے سائے بنائے اور پہاڑوں میں غاریں بنائیں اور کرتے بنائے جو تم کو گرمی سے بچائیں اور (ایسے) کرتے (بھی) جو تم کو (اسلحہ) جنگ (کے ضرر) سے محفوظ رکھیں۔ اسی طرح خدا پنا احسان تم پر پورا کرتا ہے تاکہ تم فرماں بردار بنو۔
81: وَاللّٰہُ جَعَلَ لَکُمْ مِّمَّا خَلَقَ ظِلٰلاً (اللہ تعالیٰ نے بنا دیئے تمہارے لئے اس میں سے بعض چیزوں کے سائے) مثلاً درخت، چھتیں وَّ جَعَلَ لَکُمْ مِّنَ الْجِبَالِ اَکْنَانًا (اور اس نے بنائے پہاڑوں میں تمہارے لیے پناہ گاہیں) اکنان جمع کِنٌ کی ہے جو چیز تمہیں چھپائے جیسے غار، کھوہ، وَّ جَعَلَ لَکُمْ سَرَابِیْلَ (اور بنائے تمہارے لئے ُ کرتے) سرابیل ُ کرتوں کو کہتے ہیں اور اون کے کپڑوں پر بولا جاتا ہے اسی طرح کتان اور کپاس کے بنے ہوئے کپڑوں کے لئے استعمال ہوتا ہے۔ تَقِیْکُمُ الْحَرَّ ( جو تمہیں گرمی سے بچاتے ہیں) وہ سردی سے بھی بچاتے ہیں۔ مگر دونوں ضدوں میں سے ایک کے تذکرے پر اکتفاء کیا۔ کیونکہ گرمی سے بچنا ان کے ہاں زیادہ اہم تھا۔ اور سردی معمولی اور قابل برداشت تھی۔ وَسَرَابِیْلَ تَقِیْکُمْ بَاْسَکُمْ (اور ایسے کرتے جو لڑائی سے تمہیں بچاتے ہیں) لوہے کی زرہیں جو لڑائی میں دشمنوں کے ہتھیاروں کو لوٹاتی اور بچاتی ہیں۔ باسؔ لڑائی کی سختی کو کہتے ہیں۔ السربالؔ کا لفظ عام ہے لوہے یا غیر لوہے ہر قسم کے ُ کرتے پر بولا جاتا ہے۔ کَذٰلِکَ یُتِمُّ نِعْمَتَہٗ عَلَیْکُمْ لَعَلَّکُمْ تُسْلِمُوْنَ (اسی طرح اللہ تعالیٰ اپنی نعمت کو تم پر مکمل کرتے ہیں تاکہ تم فرمانبرداری اختیار کرو) یعنی اس کی ان نعمتوں پر نگاہ ڈالو۔ جن کا فیضان تم پر جاری و طاری ہے۔ پس اس کی ذات پر ایمان لا کر اس کی اطاعت اختیار کرو۔
Top