Mafhoom-ul-Quran - Hud : 4
اِلَى اللّٰهِ مَرْجِعُكُمْ١ۚ وَ هُوَ عَلٰى كُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ
اِلَى اللّٰهِ : اللہ کی طرف مَرْجِعُكُمْ : لوٹنا ہے تمہیں وَھُوَ : اور وہ عَلٰي : پر كُلِّ شَيْءٍ : ہر شے قَدِيْرٌ : قدرت والا
تم سب کو اللہ کی طرف لوٹ کر جانا ہے اور وہ ہر چیز پر قادر ہے۔
اللہ دلوں کے بھید جانتا ہے تشریح : پچھلی آیت کے آخر میں نبی اکرم ﷺ نے آخرت کا ذکر کیا کہ میں حساب کتاب کے دن سے بہت ڈرتا ہوں کیونکہ اس دن بروں کو دوزخ کی سزا ضرور ملے گی اور اچھوں کو جنت ملے گی تو ان آیات میں اللہ سبحانہ تعالیٰ کی عظمت، قدرت اور علم کا ذکر کیا گیا ہے کہ جو لوگ یہ سوچتے ہیں کہ چھپ کر گناہ یا بد کرداری کریں گے مگر اللہ کو معلوم نہ ہو سکے گا۔ یہ بڑی غلط اور فضول سوچ ہے کیونکہ اس کے علم میں تو دنیا کا ذرہ ذرہ ہے اور اسی طرح وہ تو دل کے اندر چھپے ہوئے بھید، نیت اور ارادہ سب کچھ سے واقف ہے۔ جب یہ پکا یقین ہوجائے جو کہ ہونا چاہیے تو پھر انسان بہت سی برائیوں سے بچ سکتا ہے۔ یہ یقین ایمان کا حصہ ہے۔ محمد بن عبید بن جعفر کہتے ہیں کہ میں نے ابن عباس ؓ سے پوچھا کہ یہ آیت کس باب میں اتری ہے ؟ تو انہوں نے کہا : کچھ لوگ رفع حاجت کے وقت یا اپنی بیویوں سے صحبت کے وقت آسمان (پروردگار) کی طرف ستر کھولنے سے شرماتے اور شرم کے مارے جھکے جاتے تھے اس وقت یہ آیت نازل ہوئی۔ (صحیح بخاری، کتاب التفسیر )
Top