Tafseer-e-Majidi - Aal-i-Imraan : 191
الَّذِیْنَ یَذْكُرُوْنَ اللّٰهَ قِیٰمًا وَّ قُعُوْدًا وَّ عَلٰى جُنُوْبِهِمْ وَ یَتَفَكَّرُوْنَ فِیْ خَلْقِ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ١ۚ رَبَّنَا مَا خَلَقْتَ هٰذَا بَاطِلًا١ۚ سُبْحٰنَكَ فَقِنَا عَذَابَ النَّارِ
الَّذِيْنَ : جو لوگ يَذْكُرُوْنَ : یاد کرتے ہیں اللّٰهَ : اللہ قِيٰمًا : کھڑے وَّقُعُوْدًا : اور بیٹھے وَّعَلٰي : اور پر جُنُوْبِھِمْ : اپنی کروٹیں وَيَتَفَكَّرُوْنَ : اور وہ غور کرتے ہیں فِيْ خَلْقِ : پیدائش میں السَّمٰوٰتِ : آسمانوں وَالْاَرْضِ : اور زمین رَبَّنَا : اے ہمارے رب مَا : نہیں خَلَقْتَ : تونے پیدا کیا هٰذَا : یہ بَاطِلًا : بےفائدہ سُبْحٰنَكَ : تو پاک ہے فَقِنَا : تو ہمیں بچا لے عَذَابَ : عذاب النَّارِ : آگ (دوزخ)
یہ ایسے ہیں کہ جو اللہ کو کھڑے اور بیٹھے اور اپنی کروٹوں پر (برابر) یاد کرتے رہتے ہیں،398 ۔ اور آسمانوں اور زمین کی پیدائش میں غور کرتے رہتے ہیں،399 ۔ اے ہمارے پروردگار تو نے یہ (سب) لا یعنی نہیں پیدا کیا ہے،400 ۔ تو پاک ہے،401 ۔ سو محفوظ رکھ ہم کو دوزخ کے عذاب سے،402 ۔
398 ۔ یعنی یاد الہی خواہ دل سے ہو یا زبان سے، ہر حال اور ہر ہئیت کے ساتھ کرتے رہتے ہیں۔ المرادمنہ کون الانسان دائم الذکر فان الاحوال لیست الاھذہ الثلاثۃ (کبیر) قال سائر المفسرین ارادبہ المداومۃ علی الذکر فی عموم الاحوال (معالم) (آیت) ” علی جنوبھم “۔ سے مراد ہے لیٹے ہوئے۔ ای مضطجعین (قرطبی) 399 ۔ کائنات طبعی کے ان عظیم الشان موجودات کے قوانین طبعی اور قواعد تکوینی سے صانع اعظم و خالق عالم کی قدرت، حکمت، صنعت پر استدلال کرتے رہنا عبادت ہی نہیں ایک اعلی و اشرف عبادت ہے۔ ھو افضل العبادات کما قال علیہ الصلوۃ لاعبادۃ کالتفکر لانہ المخصوص بالقب والمقصود من الخلق (بیضاوی) دلت الایۃ علی ان اعلی مراتب الصدیقین التفکر فی دلائل الذات والصفات (کبیر) کاش آج ہماری قوم کے ماہرین فن ہیئت، فلکیات، ریاضیات وغیرہ علوم طبعی پر دینی و ایمانی نقطہ نظر سے قلم اٹھاتے ! 400 ۔ یعنی بلاغایت وبے مقصد نہیں پیدا کیا ہے، بڑے بڑے مصالح ومقاصد اس کے اندر رکھے ہیں۔ اس میں رد آگیا علاوہ مادئین ودہرئین کے جو کائنات کو محض بخت واتفاق کا نتیجہ نتیجہ سمجھتے ہیں، ان مذاہب باطلہ کا بھی جن کے نزدیک یہ نظام کائنات محض کسی دیوتا کا کھیل تماشہ یا ایک طرح کا طلسم وشعبدہ ہے۔ 401 ۔ (ہر فعل عبث اور لاحاصل ہے) تنزیھا عن الوصف بخلق الباطل (مدارک) 402 ۔ (اور وہ اس طرح کہ ہمیں راہ ہدایت پر چلائے اور راہ ظلالت کے سایہ سے بھی بچائے)
Top