Tafseer-e-Majidi - Al-Fath : 5
لِّیُدْخِلَ الْمُؤْمِنِیْنَ وَ الْمُؤْمِنٰتِ جَنّٰتٍ تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِهَا الْاَنْهٰرُ خٰلِدِیْنَ فِیْهَا وَ یُكَفِّرَ عَنْهُمْ سَیِّاٰتِهِمْ١ؕ وَ كَانَ ذٰلِكَ عِنْدَ اللّٰهِ فَوْزًا عَظِیْمًاۙ
لِّيُدْخِلَ : تاکہ وہ داخل کرے الْمُؤْمِنِيْنَ : مومن مردوں وَالْمُؤْمِنٰتِ : اور مومن عورتوں جَنّٰتٍ : جنت تَجْرِيْ : جاری ہیں مِنْ تَحْتِهَا : ان کے نیچے الْاَنْهٰرُ : نہریں خٰلِدِيْنَ : وہ ہمیشہ رہیں گے فِيْهَا : ان میں وَيُكَفِّرَ : اور دور کردے گا عَنْهُمْ : ان سے سَيِّاٰتِهِمْ ۭ : ان کی بُرائیاں وَكَانَ ذٰلِكَ : اور ہے یہ عِنْدَ اللّٰهِ : اللہ کے نزدیک فَوْزًا : کامیابی عَظِيْمًا : بڑی
(اور یہ اس لئے) تاکہ وہ ایمان والوں اور ایمان والیوں کو ایسے باغوں میں داخل کردے جن کے نیچے نہریں بہ رہی ہوں ان میں یہ ہمیشہ رہیں گے اور تاکہ ان کے گناہ ان سے دور کردے اور یہ اللہ کے نزدیک بڑی کامیابی ہے،3۔
3۔ یہاں یہ تعلیم ہے کہ فوری، ظاہری، مادی فتح نہیں بلکہ جنت کے امتحان میں کامیابی ہی اصلی کامیابی ہے۔ (آیت) ” لیدخل ..... سیاتھم “۔ یعنی یہ ادخال جنت اور کفارۂ سیئات جو کچھ بھی ہوگا۔ سب اطاعت امر ہی کی بدولت ہوگا ..... گویا اس کلیہ کا اثبات کہ فضیلت ومقبولیت کا مدار اطاعت ہی ہے۔ (آیت) ” ال مومنین وال مومنت “۔ اس تصریح نے یہ بتادیا کہ وجوب اطاعت احکام اور پھر اس کے ثمرہ میں حصول قرب وفضیلت کے لحاظ سے مرد و عورت ہر دو جنس یکساں ہیں۔
Top