Tafseer-e-Mazhari - Al-Baqara : 138
صِبْغَةَ اللّٰهِ١ۚ وَ مَنْ اَحْسَنُ مِنَ اللّٰهِ صِبْغَةً١٘ وَّ نَحْنُ لَهٗ عٰبِدُوْنَ
صِبْغَةَ : رنگ اللہِ : اللہ وَمَنْ : اور کس کا اَحْسَنُ : اچھا ہے مِنَ اللہِ : اللہ سے صِبْغَةً : رنگ وَنَحْنُ لَهُ : اور ہم اس کی عَابِدُوْنَ : عبادت کرنے والے
(کہہ دو کہ ہم نے) خدا کا رنگ (اختیار کر لیا ہے) اور خدا سے بہتر رنگ کس کا ہو سکتا ہے۔ اور ہم اسی کی عبادت کرنے والے ہیں
صِبْغَةَ اللّٰهِ ( لے لیا ہم نے رنگ اللہ کا) اس سے اللہ کا دین مراد ہے کلبی قتادہ اور حسن نے ابن عباس ؓ سے اسی طرح اس کی تفسیر نقل کی ہے دین کو رنگ سے اس لیے تعبیر فرمایا کہ جیسے رنگ کپڑے پر چڑھ جاتا ہے اسی طرح دین دار پر دین کا اثر ہوجاتا ہے صبغۃ اللہ ترکیب میں یا تو اٰمَنَّا کا مفعول مطلق من غیر لفظ ہونے کی وجہ سے منصوب ہے یا ملت ابراہیم سے بدل ہونے کے سبب منصوب ہے یا حالت نصب میں ذکر کرنے سے مراد ہے برانگیختہ کرنا تقدیر عبارت اس طرح ہو گیعَلَیْکُمْ صبغۃ اللہ (اللہ کے رنگ کو اپنے اوپر لازم پکڑو) اور بعض مفسرین نے کہا کہ صبغۃ اللہ سے مراد ختنہ ہے کیونکہ اس سے مختون خون آلودہ ہوجاتا ہے اس صورت میں بھی صبغۃ اللہ منصوب علی الاغرا ہوگا۔ ابن عباس ؓ نے فرمایا ہے کہ نصاریٰ کے ہاں جب کوئی بچہ پیدا ہوتا اور اس پر سات روز گذر جاتے تو وہ اسے ایک پانی میں جسے معمودیہ کے نام سے موسوم کرتے غوطہ دیتے اور خیال کرتے کہ اس سے یہ پاک ہوگیا اور سب آلائشیں دور ہوگئیں اور یہ فعل بجائے ختنہ کے کرتے تو جب اسے غوطہ دے دیتے تو کہتے کہ اب یہ سچا نصرانی ہوگیا اس پر حق تعالیٰ نے آیت کریمہ : صبغۃ اللہ ...... نازل فرمائی۔ مطلب یہ ہے کہ اللہ کا دین اسلام اور احکام ہیں۔ وَمَنْ اَحْسَنُ مِنَ اللّٰهِ صِبْغَةً ( اور کس کا رنگ بہتر ہے خدا کے رنگ سے یعنی تمام رذائل سے پاک کرنے میں اللہ کے دین سے کوئی طریقہ اچھا نہیں۔ وَّنَحْنُ لَهٗ عٰبِدُوْنَ ( اور ہم اسی کی عبادت کرتے ہیں) یہ اہل کتاب پر تعریض ہے یعنی ہم تمہاری طرح شرک میں مبتلا نہیں ہیں ہم اسی کی عبادت کرتے ہیں اگر صبغۃ اللہ مفعول ہونے کی وجہ سے منصوب ہو تو و نحن لہ عابدون کا اٰمَنَّا پر عطف ہے ورنہ صبغۃَ اللہ پر یا اتبعوا ملۃ ابراہیم پر بتقدیر قولوا عطف ہوگا مطلب یہ ہوگا کہ اللہ کے رنگ کو لازم پکڑو اور کہو کہ ہم اسی کی عبادت کرنے والے ہیں یا یہ معنی کہ ملت ابراہیمی کا اتباع کرو اور کہو کہ ہم اسی کی عبادت کرنے والے ہیں۔
Top