Tafseer-e-Mazhari - Al-Qasas : 30
فَلَمَّاۤ اَتٰىهَا نُوْدِیَ مِنْ شَاطِئِ الْوَادِ الْاَیْمَنِ فِی الْبُقْعَةِ الْمُبٰرَكَةِ مِنَ الشَّجَرَةِ اَنْ یّٰمُوْسٰۤى اِنِّیْۤ اَنَا اللّٰهُ رَبُّ الْعٰلَمِیْنَۙ
فَلَمَّآ : پھر جب اَتٰىهَا : وہ آیا اس کے پاس نُوْدِيَ : ندا دی گئی مِنْ شَاطِیٴِ : کنارہ سے الْوَادِ الْاَيْمَنِ : میدان وادیاں فِي الْبُقْعَةِ : جگہ میں الْمُبٰرَكَةِ : برکت والی مِنَ الشَّجَرَةِ : ایک درخت سے اَنْ : کہ يّٰمُوْسٰٓي : اے موسیٰ اِنِّىْٓ اَنَا : بیشک میں اللّٰهُ : اللہ رَبُّ الْعٰلَمِيْنَ : جہانوں کا پروردگار
جب اس کے پاس پہنچے تو میدان کے دائیں کنارے سے ایک مبارک جگہ میں ایک درخت میں سے آواز آئی کہ موسٰی میں تو خدائے رب العالمین ہوں
فلما اتھا نودی من شاطی الواد الایہ من فی البقعہ المبرکۃ من الشجرۃ ان یموسی انی انا اللّٰہ . جب موسیٰ آگ پر پہنچے تو (پاک یا) برکت والے مقام میں دائیں طرف کی وادی کے کنارے ایک درخت سے آواز دی گئی کہ موسیٰ ! بلاشبہ میں ہی اللہ رب العالمین ہوں۔ اَلْبُقًعَۃِ الْمُبٰرَکَۃِ یعنی موسیٰ کے لئے بڑی برکت والا مقام۔ یہیں اللہ نے موسیٰ سے کلام کیا اور اسی جگہ پیغمبری سے سرفراز کیا۔ عطا نے کہا : مُبَارَکَۃ سے مراد ہے مقدس (کیونکہ دوسری آیت میں بالوادی المقدس طوی آیا ہے ‘ مترجم) ۔ مِنَ الشَّجَرَۃِ یہ درخت وادی کے کنارے پر تھا۔ حضرت ابن مسعود نے فرمایا : یہ ایک سرسبز درخت تھا جو چمک رہا تھا۔ قتادہ ‘ کلبی اور مقاتل نے کہا : وہ عوجہ کا درخت تھا۔ وہت نے کہا : علیق تھا۔ حضرت ابن عباس نے فرمایا : عذب کا درخت تھا۔ اس جگہ اَنَا اللّٰہُ رَبُّ الْعَالَمِیْنَ فرمایا۔ سورة طٰہٰ میں اَنَا رَبُّکَ اور سورة النمل میں اَنَا اللّٰہُ الْعَزِیْزُ الْحَکِیْمُ آیا ہے ‘ مقصد سب کا ایک ہے۔ اختلاف الفاظ کی وجہ یا تو یہ ہے کہ یہ روایت بالمعنی ہے یعنی الفاظ مختلف و متعدد ہیں ‘ معنی ایک ہے جو تمام الفاظ سے ادا ہو رہا ہے یا یوں کہا جائے کہ اللہ نے اس موقع پر تو اپنی تمام صفات مذکورہ بیان فرمائی تھیں لیکن قرآن مجید میں جب ان کا ذکر کیا تو تھوڑا تھوڑا کر کے مختلف مقامات پر مختصر طور پر کیا۔ یہ اختصار بعض دوسری عبارتوں میں بھی کیا ہے جن کا تعلق ایک ہی واقعہ سے ہے جیسے سورة طٰہٰ میں فرمایا : فَاخْلَعُ نَعْلَیْکَ اِنَّکَ بالْوَادِی الْمُقَدَّسِ طُویٰ اور سورة النمل میں فرمایا : بُوْرِکَ مَنْ فِی النَّارِ وَمِنْ حَوْلَھَا۔
Top