Tafseer-e-Mazhari - Al-Qasas : 35
قَالَ سَنَشُدُّ عَضُدَكَ بِاَخِیْكَ وَ نَجْعَلُ لَكُمَا سُلْطٰنًا فَلَا یَصِلُوْنَ اِلَیْكُمَا١ۛۚ بِاٰیٰتِنَاۤ١ۛۚ اَنْتُمَا وَ مَنِ اتَّبَعَكُمَا الْغٰلِبُوْنَ
قَالَ : فرمایا سَنَشُدُّ : ہم ابھی مضبوط کردیں گے عَضُدَكَ : تیرا بازو بِاَخِيْكَ : تیرے بھائی سے وَنَجْعَلُ : اور ہم عطا کریں گے لَكُمَا : تمہارے لیے سُلْطٰنًا : غلبہ فَلَا يَصِلُوْنَ : پس وہ نہ پہنچیں گے اِلَيْكُمَا : تم تک بِاٰيٰتِنَآ : ہماری نشانیوں کے سبب اَنْتُمَا : تم دونوں وَمَنِ : اور جس اتَّبَعَكُمَا : پیروی کی تمہاری الْغٰلِبُوْنَ : غالب رہو گے
(خدا نے) فرمایا ہم تمہارے بھائی سے تمہارے بازو مضبوط کریں گے اور تم دونوں کو غلبہ دیں گے تو ہماری نشانیوں کے سبب وہ تم تک پہنچ نہ سکیں گے (اور) تم اور جنہوں نے تمہاری پیروی کی غالب رہو گے
قال سنشدعضدک باخیک ونجعل لکما سلطنا فلا یصلون الیکما . اللہ نے فرمایا : ہم تمہارے بھائی کے ذریعہ سے تمہارا بازو قوی کردیں گے اور تم دونوں کو غلبہ عطا کریں گے پھر وہ لوگ تم دونوں تک نہیں پہنچ سکیں گے۔ بازو کی قوت سے موسیٰ کو قوی بنا دیا۔ آدمی کی قوت ہاتھ کی طاقت سے ہوتی ہے اور ہاتھ کی طاقت بازو کی قوت ہے۔ بِاَخِیْکَ یعنی تمہارے بھائی کو پیغمبر بنا کر تمہارے ساتھ بھیج کر۔ حضرت ہارون اس زمانہ میں مصر میں تھے۔ سلطنا غلبہ یا دلیل۔ فَلاَ یَصِلُوْنَ اِلَیْکُمَا یعنی فرعون اور اس کی قوم والے تم دونوں کو ضرر نہیں پہنچا سکیں گے۔ بایتنا انتما ومن اتبعکما الغلبون . تم دونوں ہمارے معجزات کے ساتھ (جاؤ) تم دونوں اور تم دونوں کے اتباع کرنے والے غالب ہوں گے۔ بِاٰیٰتِنَا کا تعلق نَجْعَلُ سے ہے یعنی اپنی آیات کے ذریعہ سے ہم تم دونوں کو غلبہ عطا کریں گے۔ یا اس کا تعلق فعل محذوف سے ہے یعنی تم دونوں ہماری آیات کے ساتھ جاؤ۔ یا لاَ یَصِلُوْنَ سے تعلق ہے یعنی ہماری آیات کے سبب سے فرعون اور اس کی قوم والے تم تک نہیں پہنچ سکیں گے۔ یا اَلْغَالِبُوْنَ سے متعلق ہے یعنی تم دونوں اور تمہارے متبعین ہمارے معجزات کی وجہ سے غالب رہیں گے۔
Top