Tafseer-e-Mazhari - Faatir : 4
وَ اِنْ یُّكَذِّبُوْكَ فَقَدْ كُذِّبَتْ رُسُلٌ مِّنْ قَبْلِكَ١ؕ وَ اِلَى اللّٰهِ تُرْجَعُ الْاُمُوْرُ
وَاِنْ : اور اگر يُّكَذِّبُوْكَ : وہ تجھے جھٹلائیں فَقَدْ كُذِّبَتْ : تو تحقیق جھٹلائے گئے رُسُلٌ : رسول (جمع) مِّنْ قَبْلِكَ ۭ : تم سے پہلے وَ اِلَى اللّٰهِ : اور اللہ کی طرف تُرْجَعُ : لوٹنا الْاُمُوْرُ : تمام کام
اور (اے پیغمبر) اگر یہ لوگ تم کو جھٹلائیں تو تم سے پہلے بھی پیغمبر جھٹلائے گئے ہیں۔ اور (سب) کام خدا ہی کی طرف لوٹائے جائیں گے
وان یکذبوک فقد کذبت رسل من قبلک . اور اگر یہ لوگ آپ کی تکذیب کر رہے ہیں تو (آپ صبر کریں کیونکہ) آپ سے پہلے بھی پیغمبروں کی تکذیب (ان کی کافر امتوں کی طرف سے) کی جا چکی ہے۔ یعنی اگر توحید ‘ قیامت اور عذاب کے مسائل میں یہ لوگ آپ کو جھوٹا قرار دیتے ہیں تو آپ دوسرے پیغمبروں پر اپنے آپ کو قیاس کرلیں اور صبر کریں ‘ غمگین نہ ہوں ‘ ان کو بھی ان کی امتوں نے جھوٹا قرار دیا تھا۔ رُسُلٌ کی تنوین عظمت و کثرت کو ظاہر کر رہی ہے یعنی بڑی عظمت والے ‘ طویل عمریں رکھنے والے ‘ اولوالعزم کثیر پیغمبروں کا بھی یہی حال تھا۔ ان کو بھی کفار کی تکذیب کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ والی اللہ ترجع الامور . اور اللہ کی طرف تمام امور لوٹائے جائیں گے۔ وہی آپ کے صبر کا بدلہ بصورت نصرت وثواب عطا فرمائے گا اور وہی ان کافروں کی تکذیب کی سزا دونوں جہا میں بصورت عذاب دے گا۔
Top