Tafseer-e-Mazhari - Al-Ghaafir : 70
الَّذِیْنَ كَذَّبُوْا بِالْكِتٰبِ وَ بِمَاۤ اَرْسَلْنَا بِهٖ رُسُلَنَا١ۛ۫ فَسَوْفَ یَعْلَمُوْنَۙ
الَّذِيْنَ : جن لوگوں نے كَذَّبُوْا : جھٹلایا بِالْكِتٰبِ : کتاب کو وَبِمَآ : اور اس کو جو اَرْسَلْنَا : ہم نے بھیجا بِهٖ : اسکے ساتھ رُسُلَنَا ڕ : اپنے رسول فَسَوْفَ : پس جلد يَعْلَمُوْنَ : وہ جان لیں گے
جن لوگوں نے کتاب (خدا) کو اور جو کچھ ہم نے پیغمبروں کو دے کر بھیجا اس کو جھٹلایا۔ وہ عنقریب معلوم کرلیں گے
الذین کذبوا بالکتب وبما ارسلنا بہ رسلنا فسوف یعلمون یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے اللہ کی کتاب کی ‘ اور اللہ نے اپنے پیغمبروں کو جو (شریعتیں) دے کر بھیجا ‘ ان کی (بھی) تکذیب کی ‘ سو ان کو عنقریب معلوم ہوجائے گا۔ اَنّٰی یُصْرَفُوْنَکہاں یعنی کس طرح ان کو حق سے پھیرا جاتا ہے۔ یہ استفہام جزری ‘ توبیخی ہے ‘ مجادلہ کرنے والوں کا دو بار ذکر مذمت مجادلہ کی تاکید کیلئے ہے ‘ یا مجادلہ کرنے والے الگ الگ تھے ‘ یا جن مسائل میں جدال کرتے تھے ‘ وہ مسائل جدا جدا تھے ‘ اسلئے دو بار جدال کرنے والوں کا ذکر کیا۔ محمد بن سرین نے کہا : پہلی آیت مشرکوں کے بارے میں ہے اور یہ آیت فرقۂ قدریہ کے متعلق نازل ہوئی۔ اَلَّذِیْنَ کَذَّبُوْا یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے کتاب اللہ کی تکذیب کی اور جو شریعتیں دے کر اللہ نے اپنے پیغمبروں کو بھیجا تھا ‘ ان کو جھوٹا قرار دیا۔ ایک شبہ : فرقۂ قدریہ تو کتاب اللہ کو مانتا ہے اور تمام شریعتوں اور پیغمبروں کے سچا ہونے کا اقرار کرتا ہے ‘ پھر جدال کرنے والوں سے فرقۂ قدریہ کیسے مراد ہوسکتا ہے ؟ ازالہ : قدریہ گروہ والے اس امت کے مجوسی ہیں۔ کتاب اللہ اور احادیث رسول ﷺ سے ثابت ہے کہ اللہ ہی ہر چیز کا خالق ہے۔ ساری کائنات خیر ہو یا شر ‘ جواہر ہوں یا اعراض ‘ سب اسی کی مخلوق ہے۔ اس کی قدرت کلی ہے ‘ ہمہ گیر ہے۔ وہ جس کو چاہتا ہے اور جو گناہ چاہتا ہے ‘ بخشتا ہے اور جس کو چاہتا ہے ‘ جرم کی سزا دیتا ہے ‘ ہر صغیرہ گناہ اگر وہ چاہے تو معاف کرسکتا ہے۔ وہ جیسا چاہتا ہے ‘ کرتا ہے اور جیسا چاہتا ہے ‘ حکم دیتا ہے۔ وہ سب سے بازپرس کرنے والا ہے ‘ اس سے کسی امر کی کوئی بازپرس نہیں کرسکتا۔ فرقۂ قدریہ ان سب باتوں کا منکر ہے۔ وہ گروہ پل صراط ‘ میزان اور شفاعت وغیرہ کا بھی انکار کرتا ہے ‘ اسلئے اس گروہ کو آیات میں جدال کرنے والا اور شرائع انبیاء کی تکذیب کرنے والا قرار دیا۔ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ الّذین کذبوا سے جملہ الگ الّذین مع صلہ کے مبتداء ہو اور فسوف یعلمون خبر ہو۔
Top