Tafseer-e-Mazhari - Ar-Rahmaan : 37
فَاِذَا انْشَقَّتِ السَّمَآءُ فَكَانَتْ وَرْدَةً كَالدِّهَانِۚ
فَاِذَا انْشَقَّتِ السَّمَآءُ : تو جب پھٹ جائے گا آسمان فَكَانَتْ : تو ہوجائے گا وَرْدَةً : سرخ كَالدِّهَانِ : سرخ چمڑے کی طرح۔ تیل کی تلچھٹ کی طرح
پھر جب آسمان پھٹ کر تیل کی تلچھٹ کی طرح گلابی ہوجائے گا (تو) وہ کیسا ہولناک دن ہوگا
فاذا انشقت السماء فکانت وردۃ کالدھان . ” غرض جب (قیامت آئے گی اور) آسمان پھٹ جائے گا اور سرخ نری کی طرح سرخ ہوجائے گا فَاِذَا انْشَقَّتِ السَّمَآءُ : یعنی آسمان پھٹ کر اس میں ملائکہ کے اترنے کے راستے بن جائیں گے۔ فَاِذَا میں فَ بتارہا ہے کہ آگ کے شعلوں کا چھوڑا جانا ‘ آسمان کے شگافتہ ہونے سے پہلے ہوگا لہٰذا آسمان کا یہ شکافتہ ہونا ‘ آسمان کو فنا کرنے کے لیے نہیں ہوگا بلکہ فرشتوں کے نزول کے لیے ہوگا اور ایسا قبروں سے اٹھائے جانے کے بعد ہوگا ‘ جیسا ہم نے حدیث ضحاک میں ذکر کردیا ہے۔ وَرْدَۃً : یعنی سرخ گلاب کی طرح ‘ بعض نے وردۃً کا ترجمہ کیا ہے : سرخ گھوڑا جو کمیت اور اشقر کے درمیان ہوتا ہے۔ (قاموس) بغوی نے لکھا ہے : اسپ ورد ‘ سفید مائل بسرخی یا مائل بزروی ہوتا ہے۔ قتادہ نے کہا : آسمان اب سبز ہے لیکن اس روز اس کا دو دوسرا رنگ ہوگا مائل بسرخی۔ بعض نے کہا : آسمان اس روز گوناگوں رنگ بدلے گا جیسے اسپ و رد موسم بہار میں زرد اور شروع موسم سرما میں سرخ ہوتا ہے اور جب سردی سخت ہوجاتی ہے تو اس کا رنگ خاکستری ہوجاتا ہے۔ آسمان کے گوناگوں رنگ بدلنے کو اسپ ورد کی تبدیلئ لون سے تشبیہ دی۔ بیہقی نے حضرت ابن مسعود کا قول نقل کیا ہے کہ آسمان رنگا رنگ ہوجائے گا ‘ کبھی اس کا رنگ تیل کی تلچھٹ کی طرح ہوگا اور کبھی سرخ جیسے سرخ نری (سرخ چمڑا) ۔ کَالدِّھَان : دہان ‘ دہن کی جمع ہے۔ کالدہان وردۃ کی صفت ہے گویا آسمان نو بنو رنگ بدلنے میں اس ورد گھوڑے کی طرح ہوگا جو اختلاف رنگ و تلون کے لحاظ سے تیل کی طرح ہوتا ہے۔ ضحاک ‘ مجاہد ‘ قتادہ اور ربیع نے یہی تشریح کی ہے۔ عطاء بن ابی رباح نے کالدھان کی تفسیر میں کہا ہے کہ نو بنو رنگینی میں وہ روغن زیتون کی طرح ہوگا جو تھوڑی تھوڑی دیر میں رنگ بدلتا ہے۔ مقاتل نے دھان کا ترجمہ کیا : صاف روغن گُل۔ ابن جرین نے کہا : آسمان روغن زیتون کی طرح ہوجائے گا اور یہ اس وقت ہوگا جب جہنم کی گرمی اس پر اثر انداز ہوگی۔ کلبی نے دہان کا ترجمہ کیا : سرخ چمڑا۔ دہان کی جمع ادہنۃٌ اور دہنٌ آتی ہے۔ یہ بھی جائز ہے کہ کالدہان کانت کی دوسری خبر ہو۔ اس صورت میں معنی اس طرح ہوگا : آسمان کا رنگ سرخ گلاب یا سرخ گھوڑے کی طرح ہوجائے گا اور تیل کی طرح پگھل جائے گا۔ اِذَا کی جزاء محذوف ہے یعنی جب آسمان پھٹ کر سرخ گلاب کی طرح ہوجائے گا تو وہ کیسا ہولناک منظر ہوگا۔
Top