Tafseer-e-Mazhari - Al-Hadid : 4
هُوَ الَّذِیْ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ فِیْ سِتَّةِ اَیَّامٍ ثُمَّ اسْتَوٰى عَلَى الْعَرْشِ١ؕ یَعْلَمُ مَا یَلِجُ فِی الْاَرْضِ وَ مَا یَخْرُجُ مِنْهَا وَ مَا یَنْزِلُ مِنَ السَّمَآءِ وَ مَا یَعْرُجُ فِیْهَا١ؕ وَ هُوَ مَعَكُمْ اَیْنَ مَا كُنْتُمْ١ؕ وَ اللّٰهُ بِمَا تَعْمَلُوْنَ بَصِیْرٌ
هُوَ الَّذِيْ : وہ اللہ وہ ذات ہے خَلَقَ السَّمٰوٰتِ : جس نے پیدا کیا آسمانوں کو وَالْاَرْضَ : اور زمین کو فِيْ سِتَّةِ اَيَّامٍ : چھ دنوں میں ثُمَّ اسْتَوٰى : پھر جلوہ فرما ہوا عَلَي الْعَرْشِ ۭ : عرش پر يَعْلَمُ : وہ جانتا ہے مَا : جو کچھ يَلِجُ : داخل ہوتا ہے فِي الْاَرْضِ : زمین میں وَمَا يَخْرُجُ مِنْهَا : اور جو کچھ نکلتا ہے اس میں سے وَمَا يَنْزِلُ : اور جو کچھ اترتا ہے مِنَ السَّمَآءِ : آسمان سے وَمَا يَعْرُجُ فِيْهَا ۭ : اور جو کچھ چڑھتا ہے اس میں وَهُوَ مَعَكُمْ : اور وہ تمہارے ساتھ ہے اَيْنَ : جہاں مَا كُنْتُمْ ۭ : کہیں تم ہوتے ہو وَاللّٰهُ : اور اللہ بِمَا تَعْمَلُوْنَ : ساتھ اس کے جو تم عمل کرتے ہو بَصِيْرٌ : دیکھنے والا ہے
وہی ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو چھ دن میں پیدا کیا پھر عرش پر جا ٹھہرا۔ جو چیز زمین میں داخل ہوتی اور جو اس سے نکلتی ہے اور جو آسمان سے اُترتی اور جو اس کی طرف چڑھتی ہے سب اس کو معلوم ہے۔ اور تم جہاں کہیں ہو وہ تمہارے ساتھ ہے۔ اور جو کچھ تم کرتے ہو خدا اس کو دیکھ رہا ہے
وہی تو ہے جس نے آسمانوں کو اور زمین کو چھ روز (کی مقدار) میں پیدا کیا پھر تخت پر قائم ہوا ‘ وہ جانتا ہے جو چیز زمین میں داخل ہوتی ہے اور جو چیز زمین سے برآمد ہوتی ہے اور جو چیز آسمان سے اترتی ہے اور جو چیز اس میں چڑھتی ہے اور وہ تمہارے ساتھ رہتا ہے ‘ تم جہاں کہیں ہو اور وہ تمہارے سب اعمال کو دیکھتا ہے۔ “ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضَ فِیْ سِتَّۃِ اَیَّامٍ ثُمَّ اسْتَوٰی عَلَی الْعَرْشِ : یہ آیت متشابہات میں سے ہے ‘ سلامتی کا راستہ یہی ہے کہ اس کی مرادی تشریح نہ کی جائے۔ اِسْتَوٰی عَلَی الْعَرْشِ کا کیا مطلب ہے ‘ کیا مراد ہے ؟ اس کو اللہ ہی کے سپرد کردیا جائے (یعنی ان متشابہات میں سے جن کی تشریح نہ شارح نے کی ‘ نہ اپنی مراد بیان کی ‘ نہ قیاس کو اس میں دخل ہے) ۔ مَا یَلِجُ فِی الْاَرْضِ : جو چیز زمین میں داخل ہوتی ہے جیسے بیج ‘ بارش کے قطرے ‘ مدفونہ خزانے ‘ مردے وغیرہ۔ وَمَا یَخْرُجُ مِنْھَا : اور جو چیز زمین سے برآمد ہوتی ہے جیسے کھیتی ‘ گھاس ‘ پودے ‘ بخارات ‘ کانیں اور قیامت کے دن مردے بھی اسی سے برآمد ہوں گے۔ وَمَا یَنْزِلُ مِنَ السَّمَآءِ : اور جو چیز آسمان سے اترتی ہے جیسے بارش ‘ فرشتے ‘ برکات اور اللہ کے احکام وغیرہ۔ وَمَا یَعْرُجُ فِیْھَا : اور جو آسمان میں چڑھتی ہے جیسے بخارات ‘ ملائکہ ‘ بندوں کے اعمال ‘ لوگوں کی روحیں وغیرہ۔ وَھُوَ مَعَکُمْ اَیْنَ مَا کُنْتُمْ : اور وہ تمہارے ساتھ رہتا ہے۔ اللہ کی معیت بےکیف ہے (جسمانی نہیں ‘ مکانی نہیں ‘ زمانی نہیں ‘ ناقابل بیان ہے) اللہ کی نسبت تمام مقاموں سے ایک جیسی ہے اس لیے ہر مقام میں وہ بندوں کے ساتھ رہتا ہے ‘ خواہ بندے کہیں ہوں۔ وَ اللہ ُ بِمَا تَعْمَلُوْنَ بَصِیْرُ : تمہارے سارے اعمال کو اللہ دیکھتا ہے ‘ یعنی تمہارے تمام اعمال کا بدلہ دے گا۔
Top