Mazhar-ul-Quran - Yunus : 57
یٰۤاَیُّهَا النَّاسُ قَدْ جَآءَتْكُمْ مَّوْعِظَةٌ مِّنْ رَّبِّكُمْ وَ شِفَآءٌ لِّمَا فِی الصُّدُوْرِ١ۙ۬ وَ هُدًى وَّ رَحْمَةٌ لِّلْمُؤْمِنِیْنَ
يٰٓاَيُّھَا : اے النَّاسُ : لوگو قَدْ جَآءَتْكُمْ : تحقیق آگئی تمہارے پاس مَّوْعِظَةٌ : نصیحت مِّنْ : سے رَّبِّكُمْ : تمہارا رب وَشِفَآءٌ : اور شفا لِّمَا : اس کے لیے جو فِي الصُّدُوْرِ : سینوں (دلوں) میں وَهُدًى : اور ہدایت وَّرَحْمَةٌ : اور رحمت لِّلْمُؤْمِنِيْنَ : مومنوں کے لیے
اے لوگو ! تمہارے پاس تمہارے پروردگار کی طرف سے نصیحت (یعنی قرآن) آئی ہے اور شفا اس بیماری کے لیے جو سینوں میں ہے اور مومنوں کے لیے ہدایت اور رحمت
عقیدے کے بگڑنے سے آدمی کے دل میں کفر ونفاق پیدا ہوتا ہے جس طرح آدمی کے بدن کے لئے بخار، کھانسی وغیرہ طرح طرح کے مرض ہیں، اسی طرح عقیدے کے بگڑنے سے آدمی کے دل میں کفر ونفاق حسد ریاکاری یہ طرح طرح کے مرض پیدا ہوجاتے ہیں۔ اور جس طرح طب کی کتابوں میں جسمانی مرض کے ہر طرح کے علاج لکھے ہیں، قرآن شریف اور حدیث میں اس طرح ان دلی مریضوں کے طرح طرح کے علاج ہیں۔ اسی واسطے قرآن شریف اور آنحضرت ﷺ کے دنیا میں آنے کو دل کی تندرستی کا سبب فرمایا اور اوپر کی آیت میں فرمایا تھا کہ تمام دنیا کے مال ومتاع کے بدلہ دینے پر بھی قیامت کے کدن کی نجات میسر نہ آوے گی۔ اس آیت میں فرمایا کہ تمام دنیا کی جمع پونجی سے اللہ تعالیٰ کی یہ رسول اور کتاب آسمانی کے بھیجنے کی رحمت بہتر ہے۔ دنیا کا رہنا چند روزہ ہے اور یہ چند روز کی کمائی بھی یہیں رہ جائے گی۔ رسول اور کتاب آسمانی کی فرمانبرداری اگر کرو گے تو یہ کمائی تمہارے ساتھ جاوے گی اور وہ نجات آخرت تم کو نصیب ہوگی۔
Top