Mazhar-ul-Quran - Al-Qasas : 32
اُسْلُكْ یَدَكَ فِیْ جَیْبِكَ تَخْرُجْ بَیْضَآءَ مِنْ غَیْرِ سُوْٓءٍ١٘ وَّ اضْمُمْ اِلَیْكَ جَنَاحَكَ مِنَ الرَّهْبِ فَذٰنِكَ بُرْهَانٰنِ مِنْ رَّبِّكَ اِلٰى فِرْعَوْنَ وَ مَلَاۡئِهٖ١ؕ اِنَّهُمْ كَانُوْا قَوْمًا فٰسِقِیْنَ
اُسْلُكْ : تو ڈال لے يَدَكَ : اپنا ہاتھ فِيْ جَيْبِكَ : اپنے گریبان تَخْرُجْ : وہ نکلے گا بَيْضَآءَ : روشن سفید مِنْ : سے۔ کے غَيْرِ سُوْٓءٍ : بغیر کسی عیب وَّاضْمُمْ : اور ملا لینا اِلَيْكَ : اپنی طرف جَنَاحَكَ : اپنا بازو مِنَ الرَّهْبِ : خوف سے فَذٰنِكَ : پس یہ دونوں بُرْهَانٰنِ : دو دلیلیں مِنْ رَّبِّكَ : تیرے رب (کی طرف) سے اِلٰى : طرف فِرْعَوْنَ : فرعون وَمَلَا۟ئِهٖ : اور اس کے سردار (جمع) اِنَّهُمْ : بیشک وہ كَانُوْا : ہیں قَوْمًا : ایک گروہ فٰسِقِيْنَ : نافرمان
اپنا1 ہاتھ اپنے گریبان میں ڈال وہ بلا کسی عیب کے سفید چمکتا ہوا نکلے گا اور خوف زدہ کرنے کو اپنا ہاتھ اپنے سینہ پر رکھ لے ۔ پس یہ دو نشانیاں تمہارے پروردگار کی طرف سے ہیں فرعون اور اس کے سرداروں کی طرف (جاؤ) بیشک وہ فاسق لوگ ہیں۔
فرعونی لوگوں پر عذاب الٰہی کا آنا۔ (ف 1) جب موسیٰ (علیہ السلام) پہلی جگہ آکھڑے ہوگئے تو پھر فرمایا اپنا ہاتھ اپنی بغل کے اندر ڈالو اور پھر نکالو وہ بلا کسی مرض کے نہایت روشن ہو کر نکلے گا، پھر فرمایا، اگر لکڑی کے سانپ بن جانے سے کچھ ڈرلگے تو سینہ پر ہاتھ رکھ لینے سے یہ ڈر جاتا رہے گا، پھر فرمایا یہ دونوں معجزے ہیں اور یہ تمہارے سندیں ہیں تمہارے رب کی طرف سے فرعون کی اور اس کے سرداروں کی طرف دونوں معجزے خدا نے بھیجے ہیں کہ وہ لوگ نافرمان ہیں جب اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ سے کہا کہ یہ دونوں معجزے لے کر فرعون کے پاس جاؤ، تو موسیٰ نے کہا کہ میں نے تو ایک فرعونی کو قتل کیا تھا، میں اندیشہ کرتا ہوں کہ جب وہ لوگ مجھ کو دیکھیں گے تو جان سے مارڈالیں گے اور میرے بھائی ہارون کی زبان مجھ سے زیادہ رواں ہے پس انکو میرے ہمراہ بھیج دے، کہ وہ میری تقریر کی تائید اور میری تصدیق کرے، کیونکہ مجھ کو اندیشہ ہے کہ وہ لوگ یعنی فرعون اور اس کے درباری مجھ کو جھٹلائیں گے اور میرے کلام کو رد کردیں گے۔ اور میں بوجہ زبان کی لکنت کے صاف صاف فوراجواب نہ دے سکوں گا، اس کے جواب میں فرمایا، اے موسیٰ (علیہ السلام) ہم ہارون (علیہ السلام) کو تمہاری قوت بازو بنائے دیتے ہیں اور حکم دیتے ہیں کہ ان معجزوں کے سبب سے تم کو اور تمہارے ساتھیوں پر کوئی غالب نہ آسکے گا۔
Top