Mazhar-ul-Quran - Aal-i-Imraan : 185
كُلُّ نَفْسٍ ذَآئِقَةُ الْمَوْتِ١ؕ وَ اِنَّمَا تُوَفَّوْنَ اُجُوْرَكُمْ یَوْمَ الْقِیٰمَةِ١ؕ فَمَنْ زُحْزِحَ عَنِ النَّارِ وَ اُدْخِلَ الْجَنَّةَ فَقَدْ فَازَ١ؕ وَ مَا الْحَیٰوةُ الدُّنْیَاۤ اِلَّا مَتَاعُ الْغُرُوْرِ
كُلُّ : ہر نَفْسٍ : جان ذَآئِقَةُ : چکھنا الْمَوْتِ : موت وَاِنَّمَا : اور بیشک تُوَفَّوْنَ : پورے پورے ملیں گے اُجُوْرَكُمْ : تمہارے اجر يَوْمَ الْقِيٰمَةِ : قیامت کے دن فَمَنْ : پھر جو زُحْزِحَ : دور کیا گیا عَنِ : سے النَّارِ : دوزخ وَاُدْخِلَ : اور داخل کیا گیا الْجَنَّةَ : جنت فَقَدْ فَازَ : پس مراد کو پہنچا وَمَا : اور نہیں الْحَيٰوةُ : زندگی الدُّنْيَآ : دنیا اِلَّا : سوائے مَتَاعُ : سودا لْغُرُوْرِ : دھوکہ
ہر جان موت کا ذائقہ چکھنے والی ہے اور تم کو تو پورے بدلے ملیں گے قیامت ہی کے دن پس جو کوئی دور رکھا گیا دوزخ سے اور داخل کیا گیا بہشت میں البتہ وہ مراد کو پہنچا، اور نہیں ہے دنیا کی زندگی مگر دھوکے کی پونجی
موت کی حقیقت یہ آیتیں اس ہدایت کی تکمیل میں نازل فرما کر فرمایا کہ یہ تو آخر سب کی آنکھوں کے سامنے کی بات ہے کہ دنیا میں اچھے برے کسی کو قیام نہیں۔ موت سب کے پیچھے لگی ہوئی ہے۔ اچھے برے جو مر گئے ان کو تو دنیا کی بھلائی برائی کا نتیجہ معلوم ہوگیا جو رہ گئے ہیں ان کو بھی یہی موقع پیش آنے والا ہے، فقط آنکھ بند ہونے کی دیر ہے اور آنکھ کا بند ہونا کچھ دور نہیں کوئی اس میں آگے ہے کوئی پیچھے۔ اور جب برائی بھلائی کا نتیجہ وقت مقررہ پر سامنے آنے والا ہے تو بھلوں کو ہر طرح کی آزمائش کا موجب اجر جاننا اور اس پر صبر کرنا چاہیے کہ دنیا میں بڑی ہمت اور عقبیٰ میں بڑے اجر کا کام ہے۔ دنیا کی حقیقت اس مبارک جملہ نے بےحجاب کردی۔
Top