Mazhar-ul-Quran - Al-Anfaal : 11
اِذْ یُغَشِّیْكُمُ النُّعَاسَ اَمَنَةً مِّنْهُ وَ یُنَزِّلُ عَلَیْكُمْ مِّنَ السَّمَآءِ مَآءً لِّیُطَهِّرَكُمْ بِهٖ وَ یُذْهِبَ عَنْكُمْ رِجْزَ الشَّیْطٰنِ وَ لِیَرْبِطَ عَلٰى قُلُوْبِكُمْ وَ یُثَبِّتَ بِهِ الْاَقْدَامَؕ
اِذْ : جب يُغَشِّيْكُمُ : تمہیں ڈھانپ لیا (طاری کردی) النُّعَاسَ : اونگھ اَمَنَةً : تسکین مِّنْهُ : اس سے وَيُنَزِّلُ : اور اتارا اس نے عَلَيْكُمْ : تم پر مِّنَ : سے السَّمَآءِ : آسمان مَآءً : پانی لِّيُطَهِّرَكُمْ : تاکہ پاک کردے تمہیں بِهٖ : اس سے وَيُذْهِبَ : اور دور کردے عَنْكُمْ : تم سے رِجْزَ : پلیدی (ناپاکی) الشَّيْطٰنِ : شیطان وَلِيَرْبِطَ : اور تاکہ باندھ دے (مضبوط کردے) عَلٰي : پر قُلُوْبِكُمْ : تمارے دل وَيُثَبِّتَ : اور جمادے بِهِ : اس سے الْاَقْدَامَ : قدم
یاد کرو جب اللہ اپنی طرف سے تسکین (دینے) کے لئے تم پر اونگھ طاری کرتا تھا اور تم ہر آسمان سے پانی اتارتا تھا تاکہ تم کو اس سے پاک کرے اور شیطان کی نجاست تم سے دور کردے اور تاکہ مظبوط کردے تمہارے دلوں کو اور اسی سے تمہارے قدم جمادے
بدر میں چونکہ مشرکین پہلے سے جا پہنچے تھے اور پانی پر قبضہ کرلیا تھا اور مسلمان بعد میں پہنچنے کے سبب ریگستان میں اترے تھے۔ جہاں پانی نہ ہونے کے سبب سے پیاس کی بھی شدت محسوس ہونے لگی اور نماز کے وقت وضو اور غسل سے بھی عاجز تھے، اور تیمم کا حکم اس وقت تک نازل نہیں ہوا تھا۔ اس پر طرہ یہ ہوا کہ رات کو مسلمانوں کو نہانے کی حاجت ہوگئی اور ریت کی زمین تھی، جس کی وجہ سے نہ انسان کے پاؤں جمتے تھے نہ جانور چل سکتے تھے۔ صبح نماز وحوائج ضروری ادا کرنے سے مجبور ہوئے جس کا ان کے دل پر بہت برا اثر ہوا۔ اللہ پاک نے آنحضرت ﷺ کی دعا سے ایک ہزار فرشتے ان کی مدد کے لئے بھیج دیئے۔ جیسا کہ اوپر کی آیت میں گزر چکا ہے۔ اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں پر اونگھ کا غلبہ کردیا جس اونگھ سے یہ لوگ بہت جلدی چونک پڑے اور دل میں جو کچھ خوف تھا وہ سب جاتا رہا۔ پھر اللہ تعالیٰ نے مینہ برسایا زمین سخت ہوگئی۔ لوگوں کی پیاس بجھی۔ اپنے اپنے برتن پانی سے بھر گئے۔ حوائج ضروری سے فارح ہوئے۔ وضو کیا غسل کیا پاک و طاہر ہوگئے۔ اس کو فرمایا کہ تمہارے رب نے تم سے شیطانی وسوسہ دور کردیا، کیونکہ حاجت غسل کو بھی علماء شیطانی وسوسہ خیال کرتے ہیں۔ پھر فرمایا اب تمہارے دل مطمئن ہوئے خاطر جمع ہوئی (تسلی ہوئی) اور اب تمہارے قدم ریت کی زمین پر جمیں گے، اور تمہارے جانور آسانی سے چلے پھریں گے۔
Top