تفسیر القرطبی
Al-Qurtubi · 112. Al-Ikhlaas · Ayah 3
لَمْ یَلِدْ١ۙ۬ وَ لَمْ یُوْلَدْۙ﴿3﴾
- لَمْ يَلِدْنہ اس نے جنا
- وَلَمْ يُوْلَدْاور نہ وہ جنا گیا
یہاں پھر انسان نے ٹھو کر کھائی کہ خدا کو اپنے اوپر قیاس کر کے اس کے لیے اولاد تجویز کر بیٹھا حالانکہ یہ بات عقلاً بھی غلط ہے اور نقلاً بھی۔ عقلاً اس لیے غلط ہے کہ کسی کو خدا کا بیٹا ماننے کی صورت میں یہ بھی ماننا پڑے گا کہ وہ خدا کا جزء ہے کیونکہ بیٹا باپ کا جزء ہوتا ہے اور ساتھ ہی یہ بھی تسلیم کرنا پڑے گا کہ خدائی قابل تجزیہ اور قابل تقسیم ہے نیز اس سے لازم آئے گا کہ اس کی کوئی بیوی ہو اور کسی کی بیوی اس کی ہم جنس ہی ہو سکتی ہے لہٰذا ماننا پڑے گا کہ خدا کی بھی جنس ہے۔ ظاہر ہے اس سے زیادہ گھٹیا او لغو تصور خدا کے بارے میں اور کیا ہو سکتا ہے مگر اس صریح خلاف عقل تصور کو اہل مذاہب نے محض جذبات سے مغلوب ہو کر اور غلو کا شکار ہو کر قبول کرلیا اور خدا کے لیے بیٹے اور بیٹیاں تجویز کیں۔
نقلاً یہ بات اس لیے غلط ہے کہ خد نے بندوں کی ہدایت کے لیے جو کتابیں بھی نازل فرمائیں ان میں توحید ہی کی تعلیم دی گئی تھی۔ ان کتابوں کے جو اجزاء ہمارے سامنے موجود ہیں ان میں سارا زور توحید ہی پر دیا گیا ہے۔ رہا بائیبل کا وہ حصہ جس میں حضرت مسیح کو خد کا بیٹا کہا گیا ہے تو اولاً یہ بات تورات زبور اور انجیل کی واضح اور بنیادی تعلیم کے خلاف ہے تورات بائیبل کے مجموعہ میں سب سے پہلی اور سب سے قدیم کتاب ہے اس لیے اس کی تعلیم کے خلاف اناجیل اربعہ کے بیان کی حیثیت تحریف ہی کی قرار پاتی ہے۔
ثانیاً اناجیل اربعہ میں جہاں حضرت مسیح کے لیے ” بیٹا “ کا لفظ استعمال ہوا ہے وہاں عمومیت کے ساتھ خدا کے نیک بندوں کے لیے بھی خدا کے بیٹے کے الفاظ استعمال ہوئے ہیں۔