تفسیر القرطبی

Al-Qurtubi · 113. Al-Falaq · Ayah 1

  1. قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِۙ﴿1﴾

    1. قُلْکہدیجئے
    2. اَعُوْذُمیں پناہ میں آتا ہوں
    3. بِرَبِّرب کی
    4. الْفَلَقِصبح
Translation · Al-Qurtubi
کہو کہ میں صبح کے پروردگار کی پناہ مانگتا ہوں
Tafseer · Al-Qurtubi

اپنے رب کی پناہ مانگنے کی تعلیم و تلقین : سو ارشاد فرمایا گیا کہ کہو ( ان سے اے پیغمبر) میں پناہ مانگتا ہوں نمودار کرنے والے رب کی کہ وحی کے اولیں مخاطب تو بہرحال آپ ہی ہیں، ﷺ ۔ اور پھر آپ کے توسط سے یہ حکم و ارشاد ہے آپ کی امت کے ہر مومن کے لیے ہے، یہ دونوں سورتیں اگرچہ الگ الگ ہیں لیکن ان کا مضمون چونکہ مشترک ہے، یعنی تعوذ (پناہ مانگنا) اس لیے ان دونوں کو ایک ہی نام یعنی معوذتین سے یاد کیا جاتا ہے، ان دونوں میں انسان کو اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگنے کی تعلیم دی گئی ہے، فرق صرف اتنا ہے کہ پہلی سورة کریمہ میں مہالک حسیہ ظاہریہ سے یہ پناہ مانگنے کی تعلیم دی گئی ہے، اور دوسری میں مہالک باطنیہ مخفیہ سے، صحیح مسلم وغیرہ میں حضرت عقبہ بن عامر ؓ سے مروی ہے کہ آنحضرت ﷺ نے ایک مرتبہ ارشاد فرمایا کہ آج رات مجھ پر کچھ ایسی آیات اتاری گئ ہیں جن جیسی آیات اور کوئی نہیں ہیں، یعنی سورة فلق اور سورة ناس۔ روایات کے مطابق جب یہود بےبہود نے اپنے خبث باطن کی بناء پر اور اپنے حسد کی باطنی آگ کی تبرید و تسکین کی خاطر، آنحضرت ﷺ پر جادو کرنے کے خبیث جرم کا ارتکاب کیا، تو آپ ﷺ کو کچھ تکلیف ہونے لگی، اور آپ پر دنیاوی امور سے متعلق کچھ نسیان طاری ہونے لگا، روایات کے مطابق اس کیفیت سے آپ کو کوئی چھ ماہ تک دو چار رہنا پڑا، یہاں تک کہ وحی کے ذریعے آپ کو اس بیماری کے سبب سے بھی باخبر کردیا گیا، اور ساتھ ہی ان دونوں سورتوں کے ذریعے اس کا علاج بھی بتا دیا گیا، چناچہ آپ نے ذروان کے کنوئیں سے اس جادو کو نکلوایا جو کہ کنگھی کے دندانوں اور آپ کے موئے مبارک پر کیا گیا تھا، اور ایک تانت کے اندر گیارہ گرہیں لگا کر اس کو اس کنوئیں کہ تہ میں ایک پتھر کے نیچے دبا دیا گیا تھا، ان دونوں سورتوں کی کل آیتیں بھی گیارہ ہیں، تو آپ نے جب ان آیات کریمہ کو پڑھنا شروع کیا تو وہ گرہیں ایک ایک کر کے کھلتی چلی گئیں، یہاں تک کہ ان کے اختتام پر وہ سب گرہیں کھل گئیں اور آپ بالکل نشیط اور آزاد ہوگئے۔

صلوات اللہ وسلامہ علیہ۔ اور آنجناب پر جادو کا ظاہری طور پر اس طرح کا اثر ہوجانا نہ کچھ مستبعد ہے اور نہ ہی آپ کی نبوت طاہرہ کے لیے کچھ قادح، کیونکہ یہ بھی منجملہ ان عوارض بشریہ کے ہے جن کا طاری ہونا عام شبری تقاضا اور ایک طبعی امر ہے، سو جس طرح آپ پر دوسرے مختلف بشری عوارض طاری ہوسکتے ہیں، جسمانی بیماریاں لگ سکتی ہیں، جسم میں درد اور بخار وغیرہ ہوسکتا ہے، بلکہ آپ کا بخار تو عام آدمی کے بخاری سے دوگنا ہوا کرتا تھا، جیسا کہ صحیح حدیث میں اس کی تصریح موجود ہے، نیز آپ زخمی ہوسکتے ہیں، جہاد میں آپ کے دندان مبارک شہید ہوسکتے ہیں، اور ان میں سے کوئی چیز بھی نہ مستبعد ہے اور نہ آپ کی نبوت مطہرہ کے خلاف و منافی۔ سو اسی طرح جادو کا یہ ظاہری اثر بھی آپ پر ہوسکتا ہے، اور بالفعل ہوا ہے، صلوات اللہ وسلامہ علیہ۔

بہرکیف اس سے آپ کو اور آپ کے توسط سے آپ کی امت کو تعوذ باللہ یعنی اللہ کی پناہ مانگنے کی تعلیم دی گئ، کیونکہ پناہ اور حقیقی پناہ دینے والا اللہ وحدہ لاشریک ہی ہے، سب اسی کے محتاج ہیں، یہاں تک کہ حضرت امام الانبیاء ﷺ بھی اسی وحدہ لاشریک کی عنایت اور اسی کی پناہ کے محتاج ہیں، اور پیغمبر کو اس حقیقت کے اعلان و اظہار حکم ارشاد کا قل صیغہ امر کے ساتھ فرمایا گیا ہے، سو بڑے بہکے بھٹکے اور گمراہ ہیں وہ لوگ جو اس خالق ومالک کی در کو چھوڑ کر اوروں کی پناہ مانگتے ہیں اور ان کے آگے دست وسوال دراز کرتے ہیں، اور اس بنا پر وہ طرح طرح کی ذلتیں برداشت کرتے ہیں، والعیاذ باللہ العظیم، من کل زیغ و ضلال، وسواء و انحراف۔