تفسیر القرطبی
Al-Qurtubi · 114. An-Naas · Ayah 3
اِلٰهِ النَّاسِۙ﴿3﴾
- اِلٰهِمعبود
- النَّاسِلوگ
معبود برحق کی پناہ مانگنے کی تعلیم وتلقین۔ سو ارشاد فرمایا گیا کہ پناہ مانگو اس کی جو کہ معبود برحق ہے سب لوگوں کا کہ وہی سب کا کارساز و حاجت روا اور مشکل کشا ہے سب کے دل اسی کے قبضہ قدرت واختیار میں ہیں۔ اور معبود حقیقی وہی اور صرف وہی ہے سبحانہ وتعالی عبادت کی ہر شکل و صورت اور اس کی ہر قسم اسی کا حق ہے جب لوگوں کا خالق ومالک بھی وہی وحدہ لاشریک ہے سب کا رب بھی وہی ہے اور سب کا معبود برحق بھی وہی تو مخلوق اور ہر طرح کی مخلوق اور خاص کر وسو اس الخناس۔
جیسی پوشیدہ شریر اور سب سے بڑی خطر ناک اور دشمن مخلوق سے پناہ دینا بھی اسی کی شان اور اسی کا کام ہے اور ہوسکتا ہے لہذا اسی کی پناہ طلب کی جائے اور اسی کو پکارا جائے پس بڑے بھولے اور بھٹکے ہوئے اور گمراہ ہیں وہ لوگ جو اس وحدہ لاشریک کو چھوڑ کر اوروں کو حاجت روا ومشکل کشا سمجھتے اور ان کو پوجتے پکارتے ہیں اور اس کے لیے وہ طرح طرح کی شرکیات کا ارتکاب کرتے ہیں مردوں اور قبروں میں دفن ہو چکنے والے لوگوں کو پوجتے پکارتے ہیں اور ان کے آگے جھکتے اور سجدہ ریز ہوتے ہیں ان کے نام کی نذریں ماننے نیازیں دیتے، چڑھاوے چڑھاتے طواف کرتے، چکر لگاتے اور طرح طرح کے شرکیہ نعرہ لگاتے اور راگ لاپتے حالانکہ جس قرآن پر ایمان کا دعوی ایسے لوگ کرتے اور اس کو چومتے چاٹتے ہیں وہ کہتا اور صاف وصریح طور پر کہتا اور تاکید و تکرار کے ساتھ کہتا اور تعلیم وتلقین کرتا ہے پناہ ہمیشہ اللہ کی ہی ڈھونڈو جو اس ساری کائنات کا خالق ومالک اور اس میں حاکم و متصرف ہے اور وہی وحدہ لاشریک سب لوگوں کا رب بھی ہے سب کا بادشاہ بھی اور معبود برحق بھی مگر اس سب کے باوجود اس کے در کو چھوڑ کر اوروں کے آگے جھکنا اور ان کے آگے دست دراز کرنا کتنا بڑا ظلم اور کس قدر بےانصافی ہے مگر یہ ظلم ہمیشہ ہوتا رہا اور کل کی طرح آج بھی ہو رہا ہے اور جگہ جگہ اور طرح طرح سے ہوا ہے اہل شرک اہل حق کو سننے ماننے کے لیے تیار ہی نہیں بلکہ وہ اپنے اسی کاروبار کفر و شرک کو پھیلانے میں لگے ہوئے ہیں اور اس کی تبلیغ و ترویج کے لیے وہ نت نئے ہتھکنڈے اپناتے اور اختیار کرتے ہیں، فالی اللہ المشتکی وعلیہ التکلان فی کل حین وان۔