تفسیر القرطبی
Al-Qurtubi · 81. At-Takwir · Ayah 17
Tafseerوَ الَّیْلِ اِذَا عَسْعَسَۙ﴿17﴾
- وَالَّيْلِاور رات
- اِذَا عَسْعَسَجب پھیل جائے
Translation · Al-Qurtubi
اور رات کی قسم جب ختم ہونے لگتی ہے
Tafseer · Al-Qurtubi
والیل اذاعسعس۔ فراء نے کہا، مفسرین نے اس بات پر اجماع کیا ہے کہ عسعس کا معنی پیٹھ پھیرنا ہے، جوہری نے یہ حکایت بیان کی ہے ہمارے ایک ساتھی نے کہا، وہ اپنے پہلے حصہ کے قریب ہوگئی اور تاریک ہوگئی اسی طرح جب بادل زمین کے قریب ہوتا ہے تو تاریک ہوتا ہے، مہدوی نے کہا، والیل اذاعسعس کا معنی ہے قسم ہے رات کی جب وہ اپنی تاریکی کے ساتھ پلٹ جائے یہ حضرت ابن عباس مجاہد اور دوسرے علماء سے مروی ہے، ان دونوں سے حضرت حسن بصری سے اور دوسرے علماء سے یہ بھی مروی ہے جب وہ اپنی تاریکیوں کے ساتھ آرہی ہو، زید بن اسلم نے کہا، عسعس کا معنی جانا ہے، فراء نے کہا عرب کہتے ہیں عسعس وسعسع جب اس سے تھوڑی سی تاریکی رہ جائے، خلیل اور دوسرے علماء نے کہا، عسعس اللیل جب وہ تاریکی آئے یا واپس پلٹے، مبرد نے کہا، اضداد میں سے ہے دونوں معانی ایک کی طرف لوٹتے ہیں رات کے اول حصہ میں تاریکی کا شروع ہونا اور اس کے آخری حصہ میں اس کا پلٹنا، علقمہ بن قرط نے کہا، حتی اذا الصبح لھا تنفسا، وانجاب عنھا لیلھا وعسعسا۔ یہاں تک کہ صبح نے اس کے لیے سانس لی اور اس کی رات اس سے چھٹی اور پلٹی۔
ماوردی نے کہا : عس کا اصل معنی بھرجانا ہے اسی وجہ سے بڑے پیالے کو عس کہتے ہیں کیونکہ وہ اپنے اندر موجود چیز سے بھرا ہوتا ہے، اس لفظ کا اطلاق رات کے آنے پر ہوتا ہے، کیونکہ اس کے بھرنے کی ابتدا ہوتی ہے اس کا اطلاق اس کے پلٹنے پر بھی ہوتا ہے کیونکہ اس کے بھرنے کی انتہا ہوتی ہے کیونکہ اس کے ساتھ ہی اس کا بھرنا مکمل ہوتا ہے۔ جہاں تک امراء القیس کا یہ قول ہے، الما علی الربع القدیم بعسعسا۔ اس میں عسعس جگہ کا نام ہے۔ عسعس ایک آدمی کا نام بھی ہے، رجز نے کہا، عسعس نعم الفتی، تبیاہ، عسعس کتنا اچھا نوجوان ہے جس پر تواعتماد کرتا ہے۔ بھیڑیے کو عسعس، عسع اس اور عساس کہتے ہیں کیونکہ وہ رات کو تلاش کرتا ہے۔ قنافذ (گندگی والاکیڑا) کو عسع اس کہتے ہیں کیونکہ یہ رات کے وقت آتا جاتا ہے۔ ابوعمرو نے کہا، تعسعس کا معنی سونگھنا ہے اور یہ مصرعیہ پڑھا۔ کمنخر الذئب اذا تعسعسا۔ بھیڑیے کے نتھنے کی طرح جب وہ سونگھے۔ تعسعس کا معنی رات کے وقت شکار تلاش کرنا بھی ہوتا ہے۔