تفسیر القرطبی
Al-Qurtubi · 91. Ash-Shams · Ayah 15
Tafseerوَ لَا یَخَافُ عُقْبٰهَا۠ع﴿15﴾
- وَلَا يَخَافُاور وہ نہیں ڈرتا
- عُقْبٰهَاان کا انجام
Translation · Al-Qurtubi
اور اس کو ان کے بدلا لینے کا کچھ بھی ڈر نہیں
Tafseer · Al-Qurtubi
اللہ تعالیٰ نے ان کے ساتھ یہ معاملہ کیا جب کہ اسے یہ کوئی خوف نہیں تھا کہ کس کی جانب سے عذاب کا رد عمل پہنچے گا۔ حضرت ابن عباس، قتادہ، حضرت حسن بصری اور مجاہد کا قول ہے : عقباھا میں جو ضمیر ہے فعلۃ (عمل) کی طرف لوٹ رہی ہے جس طرح اس جملہ میں ہے۔ من اغتسل یوم الجمعۃ فبھاونعمت۔ جس نے جمعہ کے روز غسل کیا اس نے بہت اچھا عمل کیا یہاں بھی ھاء ضمیر سے مراد فعلۃ اور خصلۃ ہے ضحاک، سدی اور کلبی نے کہا، یہ ضمیر عاقر کی طرف لوٹ رہی ہے یعنی وہ آدمی جس نے کونچیں کاٹ دی تھیں وہ اپنے کیے کے انجام سے نہ ڈرا۔ حضرت ابن عباس کا بھی قول ہے کہ کلام میں تقدیم وتاخیر ہے اس کی تقدیر یہ بنے گی، اذانبعث اشقاھا ولایخاف عقباھا۔ ایک قول یہ کیا گیا اللہ کے رسول حضرت صالح (علیہ السلام) کو اپنی قوم کی ہلاکت کا کوئی خوف نہ تھا اور نہ ہی یہ ڈر تھا کہ ان کے عذاب کا ضرر ان کی طرف عود کر آئے گا۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ نے انہیں خبردار کیا تھا اور جب اللہ تعالیٰ نے ان کی قوم کو ہلاک کیا تھا اللہ نے انہیں نجات عطا فرمائی تھی۔
نافع اور ابن عامرنے فلاپڑھا ہے یہی زیادہ مناسب ہے کیونکہ اس صورت میں کلام پہلے معنی کی طرف لوٹتی ہے یعنی اللہ تعالیٰ پر ان کی ہلاکت سے نہیں ڈرتا جب کہ باقی قراء نے اسے واؤ کے ساتھ پڑھا ہے یہ دوسرے معنی سے زیادہ مناسب ہے یعنی کافر اپنے کیے کے انجام سے نہیں ڈرتا۔ ابن وہب اور ابن قاسم نے امام مالک سے روایت نقل کی ہے دونوں نے کہا : امام مالک نے اپنے دادا کا مصحف نکالا ان کا خیال تھا یہ حضرت عثمان غنی کے دور میں انہوں نے لکھا تھا جب مصاحف لکھے گئے تھے ان میں ولایخاف تھا اہل مکہ اور عراقیوں کے مصاحف میں بھی واؤ کے ساتھ ولایخاف ہے۔ ابوعبید اور ابوحاتم نے ان کے مصاحف کی بنا پر اس کو اختیار کیا۔