تفسیر القرطبی

Al-Qurtubi · 96. Al-Alaq · Ayah 19

  1. كَلَّا١ؕ لَا تُطِعْهُ وَ اسْجُدْ وَ اقْتَرِبْ۠۩۩ع﴿19﴾

    1. كَلَّانہیں نہیں
    2. ۭ لَا تُطِعْهُاس کی بات نہ مان
    3. وَاسْجُدْاور سجدہ کر
    4. وَاقْتَرِبْاور نزدیک ہو
Translation · Al-Qurtubi
دیکھو اس کا کہا نہ ماننا اور سجدے کر کے قرب (خدا) حاصل کرتے رہنا
Tafseer · Al-Qurtubi

کلا، لاتطعہ واسجد واقترب۔

یعنی معاملہ اس طرح نہیں جس طرح ابوجہل گمان کرتا ہے ابوجہل تمہیں جو نماز ترک کرنے کے بارے میں کہتا ہے اس میں اس کی طاعت نہ کیجئے، اللہ تعالیٰ کے لیے نماز پڑھیے اور طاعت و عبادت کے واسطہ سے اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کیجئے۔ ایک قول یہ کیا گیا ہے کہ معنی ہے جب تو سجدہ کرے تو دعا کے ساتھ اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کیجئے عطا نے حضرت ابوہریرہ سے روایت نقل کی ہے کہ رسول اللہ نے ارشاد فرمایا، اقرب مایکون العبد من ربہ واحبہ الیہ جبھۃ فی الارض ساجدا للہ۔ بندہ اپنے رب کے سب سے زیادہ قریب ہوتا ہے اور اس کی بارگاہ میں سب سے محبوب ہوتا ہے جب اس کی پیشانی زمین میں ہو جب کہ وہ اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ کررہا ہو۔ ہمارے علماء نے کہا، اس کی وجہ یہ ہے کیونکہ سجدہ کی حالت عبودیت اور ذلت کی انتہا ہے اللہ تعالیٰ کے لیے انتہا درجے کی عزت ہے اس کے لیے اتنی عزت ہے جس کی کوئی مقدار نہیں اے انسان، جب بھی تو اس کی اس صفت (اپنے آپ کو عزیز سمجھنا) سے دور ہوگا تو اس کی جنت کے قریب ہوگا اور اس کے گھر میں اس کے جوار رحمت کے قریب ہوگا حدیث صحیح میں ہے کہ نبی کریم نے ارشاد فرمایا، جہاں تک کہ رکوع کا تعلق ہے اسمیں اپنے رب کی عظمت بیان کرو جہاں تک سجدے کا تعلق ہے تو دعا میں کوشش کرو کیونکہ وہ اس لائق ہے کہ وہ تمہارے حق میں قبول کی جائے جس نے یہ شعر کہا، بہت اچھا کہا : واذا تذللت الرقاب تواضعا، منا الیک فعرھا فی ذلھا۔ جب ہماری گردیں تیری بارگاہ میں تواضع کرتے ہوئے جھک جائیں تو ان کی عزت ان کی عاجزی میں ہے۔ زید بن اسلم نے کہا، اے محمد نماز پڑھتے ہوئے سجدہ کیجئے اے ابوجہل تو آگ کے قریب ہوجا۔ واسجد یہ سجود سے مشتق ہے، یہ احتمال موجود ہے کہ اس سے مراد نماز میں سجدہ ہواریہ بھی احتمال ہے کہ اس سورت میں تلاوت کا سجدہ ہو، ابن عربی نے کہا، ظاہر یہ ہے کہ اس سے مراد نماز کا سجدہ ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے، ارء یت الذی ینھی۔۔۔ تا۔۔۔ واقترب۔ اگر ایسانہ ہوتاتوامام مسلم اور دوسرے ائمہ حدیث سے صحیح میں حضرت ابوہریرہ کی حدیث سے ثابت نہ ہوتا انہوں نے کہا، میں نے رسول اللہ کے ساتھ اذالسماء انشقت۔ اور اقرا باسم ربک الذی خلق۔ کے ساتھ دو سجدے کیے یہ اس امر پر نص ہے کہ مراد سجدہ تلاوت ہے۔

ابن وہب، حماد بن زید سے وہ عاصم بن بہدلہ سے وہ زر بن حبیش سے وہ حضرت علی بن ابی طالب سے روایت نقل کرتے ہیں لازمی سجدہ تلاوت چار ہیں، الم، حم تنزیل من الرحمن الرحیم اور اقرا باسم ربک۔ ابن عربی نے کہا، یہ اگر صحیح ہے تو اس پر سورة الحج کا دوسرا سجدہ بھی لازم ہوگا اگرچہ وہ رکوع کے ساتھ ملا ہوا ہے کیونکہ اس کا معنی یہ ہوگا رکوع کے موقع پر رکوع کرو اور سجدہ کے موقع پر سجدہ کرو۔ ابن نافع اور مطرف نے کہا، امام مالک اس سورت کے اختتام پر خاص طور پر خود سجدہ کیا کرتے تھے ابن وہب اس سجدہ کو لازمی سجدہ خیال کرتے تھے۔ میں کہتا ہوں ہم حضرت مالک بن انس کی روایت نقل کرچکے ہیں جو ربیع بن ابی عبدالرحمن سے وہ نافع سے وہ حضرت ابن عمر سے روایت کرتے ہیں جب اللہ تعالیٰ نے اس سورت کو نازل کیا تو رسول اللہ نے حضرت معاذ نے اسے لکھا جب وہ کلا، لاتطعہ واسجد واقترب۔ پر پہنچے تولوح نے سجدہ کیا، قلم نے سجدہ کیا اور دوات نے سجدہ کیا وہ کہہ رہے تھے اے اللہ اس کے ساتھ ذکر وبلند کر، اے اللہ، اس کے ساتھ بوجھ اتار دے، اے اللہ اس کے ذریعے گناہ بخش دے۔ حضرت معاذ نے کہا، میں نے سجدہ کیا اور رسول اللہ کو بتایا تو حضور نے بھی سجدہ کیا۔