Ruh-ul-Quran - Yunus : 30
هُنَالِكَ تَبْلُوْا كُلُّ نَفْسٍ مَّاۤ اَسْلَفَتْ وَ رُدُّوْۤا اِلَى اللّٰهِ مَوْلٰىهُمُ الْحَقِّ وَ ضَلَّ عَنْهُمْ مَّا كَانُوْا یَفْتَرُوْنَ۠   ۧ
هُنَالِكَ : وہاں تَبْلُوْا : جانچ لے گا كُلُّ نَفْسٍ : ہر کوئی مَّآ : جو اَسْلَفَتْ : اس نے بھیجا وَرُدُّوْٓا : اور وہ لوٹائے جائینگے اِلَى : طرف اللّٰهِ : اللہ مَوْلٰىھُمُ : ان کا (اپنا) مولی الْحَقِّ : سچا وَضَلَّ : اور گم ہوجائے گا عَنْھُمْ : ان سے مَّا : جو كَانُوْا يَفْتَرُوْنَ : وہ جھوٹ باندھتے تھے
اس وقت ہر شخص اپنے اس عمل سے دوچار ہوگا جو اس نے آگے بھیجا تھا اور وہ سب لوگ اپنے مولیٰ حقیقی کی طرف لوٹائے جائیں گے اور گم ہوجائے گا ان سے جو وہ افتراء باندھا کرتے تھے۔
ھُنَالِکَ تَبْلُوْا کُلُّ نَفْسٍ مَّآ اَسْلَفَتْ وَرُدُّوْآ اِلَی اللّٰہِ مَوْلٰھُمُ الْحَقِّ وَضَلَّ عَنْھُمْ مَّاکَانُوْا یَفْتَرُوْنَ ۔ (یونس : 30) (اس وقت ہر شخص اپنے اس عمل سے دوچار ہوگا جو اس نے آگے بھیجا تھا اور وہ سب لوگ اپنے مولیٰ حقیقی کی طرف لوٹائے جائیں گے اور گم ہوجائے گا ان سے جو وہ افتراء باندھا کرتے تھے۔ ) سب کی پیشی اللہ کے سامنے اس رسوائی اور جگ ہنسائی کے بعد دونوں کی آنکھیں کھلیں گی اور وہ یقین کرنے پر مجبور ہوجائیں گے کہ ہم نے جو سہارے دنیا میں تراش رکھے تھے وہ فریب نظر کے سوا کچھ نہ تھا۔ آج یہاں نہ کوئی سہارا کام آئے گا نہ کوئی معاوضہ۔ یہاں تو عدل کی حکومت ہے اور یہاں سکہ صرف ایمان وعمل کا چلتا ہے۔ ہر طرف سے آواز آتی ہوئی سنائی دے گی : یہ گھڑی محشر کی ہے تو عرصہ محشر میں ہے پیش کر غافل عمل کوئی اگر دفتر میں ہے اب انھیں اپنے اعمال کی فکر ہوگی۔ جن لوگوں کو وہ اپنا ملجا اور ماویٰ سمجھتے تھے اور جن کے تقرب کے زعم سے وہ ہر طرح کی کامیابی کا یقین رکھتے تھے۔ آج وہ دیکھیں گے کہ جس طرح یہاں عمل کے سوا کوئی چیز کارآمد نہیں اسی طرح یہاں آقائے حقیقی کے سوا کوئی آقا نہیں۔ وہاں ایک ہی آستانہ ہے جو صرف پروردگار کا ہے۔ ایک ہی مرجع ہے جو پروردگار کی ذات ہے اور ایک ہی ملجا و ماویٰ ہے جو خداوندقدوس ہے اور ایک ہی سایہ ہے جو اس کے عرش معلی کا ہے۔ جو کچھ ہم نے اپنے خیالوں میں بسا رکھا تھا وہ سب کچھ جاتا رہا اب تو چھوٹے بڑے سب لوگ اسی کے حضور کھڑے ہیں جسے اللہ کہا جاتا ہے اور جس کے ہزاروں صفاتی نام ہیں۔ آج کے دن وہ صفت عدل کے ساتھ تخت عدالت پر متمکن ہے۔ اس لیے آج اس کی حکومت کے سوا کسی کی حکومت نہیں۔ وہ جو فیصلہ کرے گا وہی حقیقی فیصلہ ہوگا۔
Top