Ruh-ul-Quran - Al-Hajj : 14
اِنَّ اللّٰهَ یُدْخِلُ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ جَنّٰتٍ تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِهَا الْاَنْهٰرُ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ یَفْعَلُ مَا یُرِیْدُ
اِنَّ : بیشک اللّٰهَ : اللہ يُدْخِلُ : داخل کرے گا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا : وہ جو لوگ ایمان لائے وَ : اور عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ : انہوں نے درست عمل کیے جَنّٰتٍ : باغات تَجْرِيْ : بہتی ہیں مِنْ تَحْتِهَا : ان کے نیچے سے الْاَنْهٰرُ : نہریں اِنَّ : بیشک اللّٰهَ : اللہ يَفْعَلُ : کرتا ہے مَا يُرِيْدُ : جو وہ چاہتا ہے
بیشک اللہ تعالیٰ داخل کرے گا ان لوگوں کو جو ایمان لائے اور جنھوں نے عمل صالح کیے، ایسے باغوں میں جن کے نیچے سے نہریں رواں دواں ہوں گی، بیشک اللہ تعالیٰ کرتا ہے جو چاہتا ہے۔
اِنَّ اللّٰہَ یُدْخِلُ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَعَمِلُوالصّٰلِحٰتِ جَنّٰتٍ تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِھَاالْاَنْھٰرُط اِنَّ اللّٰہَ یَفْعَلُ مَایُرِیْدُ ۔ (الحج : 14) (بیشک اللہ تعالیٰ داخل کرے گا ان لوگوں کو جو ایمان لائے اور جنھوں نے عمل صالح کیے، ایسے باغوں میں جن کے نیچے سے نہریں رواں دواں ہوں گی، بیشک اللہ تعالیٰ کرتا ہے جو چاہتا ہے۔ ) مخلصین کا انجام اللہ تعالیٰ سے مایوس ہو کر دوسروں کو پکارنے والوں کے انجام کے ذکر کے بعد اب ان لوگوں کا انجام بیان کیا جارہا ہے جنھوں نے نہایت ناگفتہ بہ حالات اور مخالفت اور معاندت کے طوفانوں میں اللہ تعالیٰ سے امید ٹوٹنے نہیں دی۔ وہ ٹھیک اس راستے پر چلتے رہے جس کی رہنمائی انھیں ذات رسالت مآب ﷺ کی طرف سے ملتی رہی۔ انھیں بڑی سے بڑی آزمائش پیش آئی، لیکن اللہ تعالیٰ پر اعتماد اور اس پر بھروسے میں کبھی کمی نہ آئی۔ ان کے اس یقین میں کبھی کمزوری نہ آسکی کہ ہماری زندگی کا مقصد اللہ تعالیٰ کے دین کی سربلندی اور اس راستے میں سب کچھ قربان کردینا ہے۔ ایسے لوگوں کے بارے میں فرمایا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ انھیں ایسے باغوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے سے نہریں رواں دواں ہوں گی۔ آیت کے دوسرے حصے میں فرمایا گیا کہ یقینا اس وقت مسلمان نہایت زبوں حالی سے گزر رہے ہیں۔ دعوت و تبلیغ کے راستے بظاہر بند ہوتے دکھائی دیتے ہیں لیکن اللہ تعالیٰ کی قدرت کا راستہ بند کرنے والا کوئی نہیں۔ مکہ والے آنحضرت ﷺ اور مسلمانوں کے خلاف چاہے کیسی ہی تدبیریں کریں وہ کبھی بھی اللہ تعالیٰ کی تدبیر پر غالب نہیں آسکتے۔ وہ جو چاہتا ہے سو کرتا ہے۔ وہ یقینا اپنے پیغمبر اور ان پر ایمان لانے والوں کی مدد فرمائے گا اور انھیں ہرحال میں سرخرو کرے گا۔
Top