Ruh-ul-Quran - Al-A'raaf : 33
قَالَ لِلْمَلَاِ حَوْلَهٗۤ اِنَّ هٰذَا لَسٰحِرٌ عَلِیْمٌۙ
قَالَ : فرعون نے کہا لِلْمَلَاِ : سرداروں سے حَوْلَهٗٓ : اپنے گرد اِنَّ ھٰذَا : بیشک یہ لَسٰحِرٌ : جادوگر عَلِيْمٌ : دانا، ماہر
فرعون نے اپنے اردگرد کے سرداروں سے کہا، بیشک یہ شخص بڑا ہی ماہر جادوگر ہے
قَالَ لِلْمَلَاِحَوْلَـہٗٓ اِنَّ ھٰذَا لَسٰحِرٌ عَلِیْمٌ۔ یُّرِیْدُ اَنْ یُّخْرِجَکُمْ مِّنْ اَرْضِکُمْ بِسِحْرِہٖ صلے ق فَمَاذَا تَاْمُرُوْنَ ۔ (الشعرآء : 34، 35) (فرعون نے اپنے اردگرد کے سرداروں سے کہا، بیشک یہ شخص بڑا ہی ماہر جادوگر ہے۔ یہ چاہتا ہے کہ اپنے جادو کے زور سے تمہیں تمہارے ملک سے نکال دے تو تم لوگ کیا مشورہ دیتے ہو۔ ) معجزات کی قاہری اور فرعون کی ہشیاری حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے جیسے ہی اپنے عصا اور اپنے یدبیضا کے دو معجزے دکھائے تو سب دیکھنے والے حیران و ششدر اور ہک دک رہ گئے۔ کسی کے تصور میں بھی یہ بات نہ آسکتی تھی کہ وہ موسیٰ جو فرعون کے گھر میں پلے بڑھے اور پھر دس سال پہلے حادثـۃً ایک شخص کی موت سے پریشان ہو کر مصر سے غائب ہوگئے اور اب دس سال کی روپوشی کے بعد منصہ شہود پر آئے ہیں ان کے ہاتھ سے ایسے معجزات کا ظہور بھی ہوسکتا ہے۔ لیکن فرعون بڑا ذہین آدمی تھا اس نے لوگوں کے تأثرات سے اندازہ لگا لیا کہ یہ بات صرف دربار تک محدود نہیں رہے گی، رفتہ رفتہ لوگوں میں پھیلے گی تو پہلے لوگوں کے ذہن ان معجزات کی ہیبت سے مرعوب ہوں گے اور پھر حضرت موسیٰ اور حضرت ہارون (علیہ السلام) کی دعوت سے ہموار ہو کر ایمان کے راستے پر چل نکلیں گے جو ہمارے لیے مشکلات کا باعث ہوسکتے ہیں۔ اس کی ذہانت اور عیاری نے فوراً اس کا حل سوچا اور اپنے گردوپیش بیٹھے ہوئے درباریوں سے مخاطب ہو کر کہنے لگا کہ یہ شخص جسے تم بظاہر بہت سیدھا سادہ دیکھ رہے ہو اور اس کے ہاتھوں سے غیرمعمولی کمالات کا اظہار دیکھ کر مرعوب ہوئے جارہے ہو، یہ درحقیقت ایک بہت بڑا جادوگر معلوم ہوتا ہے۔ اور جادوگری کا فن چونکہ مصر میں کمال کو پہنچا ہوا ہے اور عام بھی ہے، تو اس نے اپنی دس سالہ غیرحاضری میں معلوم ہوتا ہے اسی فن میں کمال پیدا کیا ہے۔ اور مزید یہ بات کہ یہ ایک ایسی قوم کا فرد ہے جو ماضی میں اس ملک کی حکمران رہ چکی ہے۔ اب اگرچہ اس کا ماضی ایک افسانہ بن چکا ہے لیکن معلوم ہوتا ہے کہ بعض دماغ ابھی تک اس کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ یہ ذہین نوجوان جسے ہمارے گھر میں رہنے کی وجہ سے شعور کا جوہر اور علم کی دولت مل گئی ہے یہ اس سے کام لے کر اس ملک کی حکومت پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ اس کی قوم ایک بڑی تعداد میں پہلے سے اس ملک میں موجود ہے اور وہ خاندان بھی موجود ہے جو اس ملک کا حقیقی حکمران تھا۔ اگر اس شخص کی قیادت نے ان دونوں خاندانوں کو جمع کرکے ان میں حکومت کی امنگ توانا کردی تو یہ بات بہت بعید نہیں کہ یہ ملک پر قبضہ کرکے تمہیں اس ملک سے نکال دیں۔ تم تو صرف اس کے کمالات کو دیکھ رہے ہو، میں اس کے پس پردہ مضمر خطرات کی بو سونگھ رہا ہوں۔ اب بتائو، ہمیں اس خطرے کو روکنے کے لیے کیا کرنا چاہیے اور تم اس سلسلے میں کیا مشورہ دیتے ہو۔
Top