Ruh-ul-Quran - Al-Qasas : 30
فَلَمَّاۤ اَتٰىهَا نُوْدِیَ مِنْ شَاطِئِ الْوَادِ الْاَیْمَنِ فِی الْبُقْعَةِ الْمُبٰرَكَةِ مِنَ الشَّجَرَةِ اَنْ یّٰمُوْسٰۤى اِنِّیْۤ اَنَا اللّٰهُ رَبُّ الْعٰلَمِیْنَۙ
فَلَمَّآ : پھر جب اَتٰىهَا : وہ آیا اس کے پاس نُوْدِيَ : ندا دی گئی مِنْ شَاطِیٴِ : کنارہ سے الْوَادِ الْاَيْمَنِ : میدان وادیاں فِي الْبُقْعَةِ : جگہ میں الْمُبٰرَكَةِ : برکت والی مِنَ الشَّجَرَةِ : ایک درخت سے اَنْ : کہ يّٰمُوْسٰٓي : اے موسیٰ اِنِّىْٓ اَنَا : بیشک میں اللّٰهُ : اللہ رَبُّ الْعٰلَمِيْنَ : جہانوں کا پروردگار
جب موسیٰ اس کے پاس آئے تو وادی کے داہنے کنارے پر مبارک خطے میں ایک درخت سے پکارا گیا کہ اے موسیٰ ! میں ہی اللہ ہوں سارے جہان والوں کا مالک
فَلَمَّـآ اَتٰـھَا نُوْدِیَ مِنْ شَاطِیِٔ الْوَادِالْاَیْمَنِ فِی الْـبُـقْـعَـۃِ الْمُبٰـرَکَۃِ مِنَ الشَّجَرَۃِ اَنْ یّٰمُوْسٰٓی اِنِّیْٓ اَنَا اللّٰہُ رَبُّ الْعٰـلَمِیْنَ ۔ (القصص : 30) (جب موسیٰ اس کے پاس آئے تو وادی کے داہنے کنارے پر مبارک خطے میں ایک درخت سے پکارا گیا کہ اے موسیٰ ! میں ہی اللہ ہوں سارے جہان والوں کا مالک۔ ) جلوہ طور کا تعارف جب حضرت موسیٰ (علیہ السلام) اس جگہ پہنچے جہاں ان کو آگ نظر آئی تھی، تو وہاں انھیں حیران کن صورتحال سے واسطہ پیش آیا جس کا انھوں نے کبھی تصور بھی نہ کیا ہوگا۔ وہ تو یہ سمجھ کر گئے تھے کہ وہاں پر آگ جل رہی ہوگی اور میں اس سے کوئی انگارہ اٹھا لائوں گا۔ لیکن وہاں انھیں ایک آواز سنائی دی جو فضائے بسیط کی گونج کی طرح نہ تھی بلکہ وہ ایک وادی مبارک کی سمت سے آرہی تھی اور یہ وادی مبارک خطہ میں تھی اور اس مبارک خطے میں ایک درخت تھا جس سے یہ آواز آرہی تھی۔ یہ گویا کہ اس آواز کے تین ظرف تھے، اور ان میں ہر ظرف اس لحاظ سے نہایت مبارک تھا کہ اللہ تعالیٰ نے اس کو اپنے نوروظہور کے لیے انتخاب فرمایا تھا۔ اور اس کا لازمی نتیجہ یہ بھی تھا کہ وہ اس کے قدوسیوں کی جلوہ گاہ اور ہر قسم کی شیطانی دراندازی سے پاک اور محفوظ تھی۔ آواز کے محل و مقام کی پاکیزگی کے اظہار کے بعد آواز نے اپنی تعریف کرتے ہوئے فرمایا کہ تم آگ لینے آئے ہو، لیکن یہاں آگ نہیں بلکہ میں ہوں، اللہ، سارے جہانوں کا رب۔ یہ اللہ تعالیٰ نے اپنی ذات والا صفات کا تعارف کرایا۔ رب العالمین کے چونکہ مضمرات بہت وسیع ہیں اس وجہ سے بعض دیگر مقامات میں اسی مضمون کو دوسرے الفاظ سے بیان فرمایا گیا ہے۔
Top