Ruh-ul-Quran - At-Tur : 20
مُتَّكِئِیْنَ عَلٰى سُرُرٍ مَّصْفُوْفَةٍ١ۚ وَ زَوَّجْنٰهُمْ بِحُوْرٍ عِیْنٍ
مُتَّكِئِيْنَ : تکیہ لگائے ہوئے ہوں گے عَلٰي سُرُرٍ : اوپر تختوں کے مَّصْفُوْفَةٍ ۚ : صف باندھے ہوئے وَزَوَّجْنٰهُمْ : اور بیادہ دیں گے ہم ان کو بِحُوْرٍ عِيْنٍ : ساتھ سفید عورتوں کے، بڑی آنکھوں والی
وہ ٹیک لگائے ہوئے ہوں گے صف بہ صف تختوں کے اوپر، اور ہم خوبصورت آنکھوں والی حوریں ان سے بیاہ دیں گے
مُتَّـکِئِیْنَ عَلٰی سُرُرٍ مَّصْفُوْفَۃٍ ج وَزَوَّجْنٰـھُمْ بِحُوْرٍعِیْنٍ ۔ (الطور : 20) (وہ ٹیک لگائے ہوئے ہوں گے صف بہ صف تختوں کے اوپر، اور ہم خوبصورت آنکھوں والی حوریں ان سے بیاہ دیں گے۔ ) اہلِ جنت کی مجلسی زندگی گزشتہ سے پیوستہ آیت میں جنت کی نعمتوں سے اہل جنت کے محظوظ ہونے کا ذکر فرمایا گیا، یہ اسی کی مزید وضاحت ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ ایک طرف تو کھانے پینے کی اشیاء کی وہ فراوانی ہوگی کہ آدمی دیکھتا ہی رہ جائے، لیکن کیا مجال ہے کہ اس سے ہاتھ رکے، طبیعت میں اکتاہٹ پیدا ہو یا آدمی اجنبیت محسوس کرے۔ اور اس کے ساتھ ساتھ مجلس آرائی کے لوازم ایسے کہ جس سے ہر شخص کی خوشیوں میں اضافہ ہو، محبتیں بڑھیں اور بےتکلفی کے سوتے پھوٹنے لگیں۔ ایسے قرینے سے ان کے لیے مسندیں بچھائی جائیں گی کہ کوئی مسند دوسری مسند سے آگے یا پیچھے نہیں ہوگی۔ اس قدر ہنرمندی سے ان مسندوں کو آراستہ کیا گیا ہوگا کہ لوگ جب ان مسندوں پر بیٹھیں گے تو ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گے۔ جسے قرآن کریم نے دوسری جگہ مُتَقَابِلِیْنَ کے لفظ سے ذکر فرمایا ہے۔ اور اس سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ یہ سب لوگ ایک دوسرے کو دل و جان سے چاہتے اور احترام کرتے ہوں گے۔ آج کل کی نشستوں کی طرح کوئی شخص دوسرے سے بیزار اور برگشتہ نظر نہیں آئے گا۔ مزید اللہ تعالیٰ کا کرم یہ ہوگا کہ مرد و عورت میں ایک دوسرے کے لیے جو خلاء پایا جاتا ہے جو ایک دوسرے کے بغیر ہمیشہ نامکمل رہتا ہے اس خلاء کو خالی نہیں چھوڑا جائے گا بلکہ خوشیوں کی تکمیل کے لیے ہر شخص کو ایسی بیوی ملے گی اور ہر شخص کے ساتھ ایسی رفیقہ ٔ حیات ہوگی جو حسن اور دلکشی میں اپنی مثال آپ ہوگی۔ اور اس کے لیے جو الفاظ استعمال کیے گئے ہیں اس سے ہمیں ایک تصور قائم کرنے میں مدد ملتی ہے ورنہ حقیقت ہمارے تصور سے کہیں خوبصورت ہوگی۔ لیکن آج اس کا علم ہمیں حاصل نہیں ہوسکتا کیونکہ یہ عالم آخرت کی باتیں ہیں جن کی حقیقت سے آدمی وہیں جا کر واقف ہوگا۔
Top