Tafseer-e-Saadi - At-Tawba : 119
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللّٰهَ وَ كُوْنُوْا مَعَ الصّٰدِقِیْنَ
يٰٓاَيُّھَا : اے الَّذِيْنَ اٰمَنُوا : جو لوگ ایمان لائے (مومن) اتَّقُوا اللّٰهَ : ڈرو اللہ سے وَكُوْنُوْا : اور ہوجاؤ مَعَ : ساتھ الصّٰدِقِيْنَ : سچے لوگ
اے اہل ایمان ! خدا سے ڈرتے رہو اور راستبازوں کے ساتھ رہو۔
آیت : (119) (یایھا الذین امنو اتقو اللہ) ” اے اہل ایمان ! اللہ سے ڈرتے رہو۔ “ یعنی اللہ تعالیٰ اور ان امور پر ایمان رکھنے والو ! جن پر ایمان رکھنے کا اللہ تعالیٰ نے حکم دیا ہے۔ ایمان کے تقاضوں کو پورا کرو اور وہ ہے اللہ تعالیٰ کی منہیات سے اجتناب اور ان سے دور رہ کر تقویٰ کا التزام۔ (وکونوامع الصدقین) ” اور سچوں کے ساتھ رہو “۔ یعنی ان لوگوں کے ساتھ رہو جو اپنے اقوال ‘ افعال اور احوال میں سچے ہیں۔ جن کے اقوال سچے ہیں ‘ جن کے اعمال و احوال صدق پر مبنی ہیں ‘ جو کسل مندی اور فتور سے خالی اور برے مقاصد سے محفوظ ہیں ‘ جو اخلاص اور نیک نیتی پر مشتمل ہیں۔ صدق نیکی کی طرف راہ نمائی کرتا ہے اور نیکی جنت میں لے جاتی ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : (ھذا یوم ینفع الصدقین صدقھم) (المائدۃ : 119/5) ” آج وہ دن ہے کہ راست بازوں کو ان کی راستبازی فائدہ دے گی۔ “
Top