Urwatul-Wusqaa - Yunus : 55
اَلَاۤ اِنَّ لِلّٰهِ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ١ؕ اَلَاۤ اِنَّ وَعْدَ اللّٰهِ حَقٌّ وَّ لٰكِنَّ اَكْثَرَهُمْ لَا یَعْلَمُوْنَ
اَلَآ : یاد رکھو اِنَّ : بیشک لِلّٰهِ : اللہ کیلئے مَا : جو فِي السَّمٰوٰتِ : آسمانوں میں وَالْاَرْضِ : اور زمین اَلَآ : یاد رکھو اِنَّ : بیشک وَعْدَ اللّٰهِ : اللہ کا وعدہ حَقٌّ : سچ وَّلٰكِنَّ : اور لیکن اَكْثَرَھُمْ : ان کے اکثر لَا يَعْلَمُوْنَ : جانتے نہیں
آسمانوں میں اور زمین میں جو کچھ ہے سب اللہ ہی کے لیے ہے اور یہ بات بھی نہ بھولو کہ اللہ کا وعدہ حق ہے مگر ان میں زیادہ تر ایسے ہیں جو یہ بات نہیں جانتے
آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے سب اللہ ہی کا ہے اور وعدہ الٰہی کبھی خطا نہیں ہوتا 81 ؎ یہ بات خاص توجہ کے ساتھ تم کو سن لینی چاہئے کہ جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے سب اللہ ہی کی ملکیت ہے اور وہی اس میں تصرف کرتا ہے اور اللہ تعالیٰ کا وعدہ ثواب و عذاب بالکل سچا ہے مگر اکثر انسان اس حقیقت سے یکسر غافل ہیں اس لئے وہ سمجھتے اور جانتے نہیں۔ لیکن جب حقیقت حال کھلے گی تو ان کو سب کچھ معلوم ہوجائے گا۔ بتانا یہ مقصود ہے کہ جب آسمانوں اور زمین کی ہرچیز اس کی ہے تو اس نے انعامات و احسانات کے جو وعدے اپنے نیک اور فرمانبردار بندوں سے کئے ہیں وہ ان کو پورا کرے گا اور بدکاروں اور نابکاروں کو عذاب کی جو وعید دی ہے وہ ضرور ہو کر رہے گی کوئی ایسا وعدہ نہیں جس کا پورا کرنا اس کے بس اور اختیار میں نہ ہو اور کوئی ایسی طاقت بھی نہیں جو اسے عذاب دینے سے دور کر دے اس لئے جو کچھ ہوگا عین اس کے وعدہ کے مطابق ہوگا۔
Top