ہرگز نہیں ، عنقریب تم جان لو گے
3 ؎ (کلا) کی وضاحت ہم پیچھے کرچکے ہیں کہ یہ اس سارے مضمون کی نفی کر رہا ہے جو مخالفین و معاندین کے ذہن و دماغ میں تھی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ انکے لیے زجر و توبیخ کا کام بھی دے رہا ہے اور ان سارے بدبختوں کو زور دار جھڑک دے کر کہا جا رہا ہے کہ یہ جو نادانی کا وطیرا تم نے اختیار کیا ہوا ہے ہرگز ہرگز درست نہیں اور اگر تم اس سے باز نہ آئے اور اپنی آنکھوں سے تعصب کی پٹی نہ اتاری اور تم اس بیہودہ شغل سے دستبردارنہ ہوئے اور ذکر الٰہی اور احکام الٰہی کی بجا آوری کی طرف متوجہ نہ ہونے اور اسی غفلت کی حالت میں موت کے فرشتہ نے آدبوچا تو اس وقت تم کو معلوم ہوجائے گا کہ تم کتنے غلط کار اور زیاں کار تھے تم کتنے خسارے کے کاروبار میں مصروف رہے اور تمہاری عیاری اور مکاری نے تم کو ذرا فائدہ نہ دیا بلکہ سراسر نقصان ہی کیا لیکن اگر اس وقت تمہاری آنکھیں کھل بھی گئیں تو کیا حاصل ؟ جب فرصت کی گھڑیاں تم نے خود بربا کردیں اور اب تمہارا جاننا نہ جاننا دونوں برابر ہوگئے۔