Urwatul-Wusqaa - Hud : 56
اِنِّیْ تَوَكَّلْتُ عَلَى اللّٰهِ رَبِّیْ وَ رَبِّكُمْ١ؕ مَا مِنْ دَآبَّةٍ اِلَّا هُوَ اٰخِذٌۢ بِنَاصِیَتِهَا١ؕ اِنَّ رَبِّیْ عَلٰى صِرَاطٍ مُّسْتَقِیْمٍ
اِنِّىْ : بیشک میں تَوَكَّلْتُ : میں نے بھروسہ کیا عَلَي اللّٰهِ : اللہ پر رَبِّيْ : میرا رب وَرَبِّكُمْ : اور تمہارا رب مَا : نہیں مِنْ : کوئی دَآبَّةٍ : چلنے والا اِلَّا : مگر هُوَ : وہ اٰخِذٌ : پکڑنے والا بِنَاصِيَتِهَا : اس کو چوٹی سے اِنَّ : بیشک رَبِّيْ : میرا رب عَلٰي : پر صِرَاطٍ : راستہ مُّسْتَقِيْمٍ : سیدھا
میرا بھروسہ اللہ پر ہے جو میرا پروردگار ہے اور تمہارا بھی ، کوئی حرکت کرنے والی ہستی نہیں کہ اس کے قبضہ سے باہر ہو ، میرا پروردگار (حق و انصاف کی) سیدھی راہ پر ہے
میرا کار ساز و مددگار صرف اور صرف اللہ ہے اور اس پر میں بھروسہ کرتا ہوں 76 ؎ ہود (علیہ السلام) نے قوم کے سرداروں کو اپنے پیغام کی مزید وضاحت کرتے ہوئے فرمایا کہ میرا ایمان تو یہ ہے کہ جو کچھ روئے زمین پر ہے سب کی چوٹی اس پروردگار حقیقی کے ہاتھ میں ہے اور کسی کی مجال نہیں کہ اس کے اذن و مشیت کے بغیر کسی کو ذرہ برابر نقصان یا تکلیف پہنچا سکے۔ یقینا میرا رب صراط مستقیم پر ہے اور یہ کہ جو راہ مستقیم پر چلتا ہے رب کریم اس کا ساتھ دیتا ہے اور اس کی مدد کرتا ہے۔ غور کرو کہ پوری قوم کے مقابلہ میں ایسا بلند بانگ دعویٰ اور ان کو غیرت دلانا اور پھر پوری بہادر قوم میں سے کسی کی مجال نہ ہونا کہ ان کے مقابلہ میں کوئی حرکت کرے کیا یہ معجزہ نہیں تھا ؟ یقیناً یہ سب سے بڑا معجزہ تھا جو ہود (علیہ السلام) کو عطا کیا گیا اور اس سے قوم کے اس سوال کا جواب بھی ہوگیا کہ آپ ہمارے پاس کوئی نشانی نہیں لائے لیکن حقیق یہ ہے کہ ایسی باتوں کو نہ کبھی پہلی قوموں نے معجزہ مانا اور نہ ہی آج ہی ہمارے لوگ اس کو معجزہ ماننے کو تیار ہیں حالانکہ قرآن کریم کی زبان میں یہ سب سے بڑا معجزہ ہے کیونکہ اس کے ساتھ تحدی اور چیلنج ہے اور ساری قوم کو سنا کر سمجھا کر دکھایا گیا ہے اور ان کی اس بات کا بیا گویا جواب ہے جو انہوں نے کہی تھی کہ تجھ کو اے ہود ! ہمارے معبودوں میں سے کسی کی مار لگ گئی ہے فرمایا کہ وہ مجھے مار لگانے والے جان ہی سے کیوں نہیں مار دیتے تاکہ نہ رہے بانس اور نہ بجے بانسری۔ لیکن تم میں اور ان میں اتنی طاقت کہاں ؟ اگر ان کے اور تمہارے بس میں ہوتا تو تم مجھے ایک سانس بھی نہ لینے دیتے اور عرصہ سے میرا تیاپانچا ہوچکا ہوتا۔
Top