Urwatul-Wusqaa - An-Nahl : 63
تَاللّٰهِ لَقَدْ اَرْسَلْنَاۤ اِلٰۤى اُمَمٍ مِّنْ قَبْلِكَ فَزَیَّنَ لَهُمُ الشَّیْطٰنُ اَعْمَالَهُمْ فَهُوَ وَلِیُّهُمُ الْیَوْمَ وَ لَهُمْ عَذَابٌ اَلِیْمٌ
تَاللّٰهِ : اللہ کی قسم لَقَدْ اَرْسَلْنَآ : تحقیق ہم نے بھیجے اِلٰٓى : طرف اُمَمٍ : امتیں مِّنْ قَبْلِكَ : تم سے پہلے فَزَيَّنَ : پھر اچھا کردکھایا لَهُمُ : ان کے لیے الشَّيْطٰنُ : شیطان اَعْمَالَهُمْ : ان کے اعمال فَهُوَ : پس وہ وَلِيُّهُمُ : ان کا رفیق الْيَوْمَ : آج وَلَهُمْ : اور ان کے لیے عَذَابٌ اَلِيْمٌ : عذاب دردناک
اس بات کی اچھائی پر ہم شاہد ہیں کہ ہم نے تجھ سے پہلے کتنی ہی امتوں کی طرف رسول بھیجے شیطان نے لوگوں کو ان کی بدعملیاں اچھی کر دکھائیں سو وہی حال آج بھی ہو رہا ہے ، وہی شیطان ان منکروں کا رفیق ہے اور ان کیلئے عذاب دردناک ہے
شیطان کا کام ہے کہ وہ ان کی بدعملیوں کو اچھائیوں کی صورت دکھاتا ہے : 73۔ اے پیغمبر اسلام ! آپ ﷺ کوئی نئے رسول نہیں بھیجے گئے کہ آپ ﷺ سے پہلے بھی رسول بھیجے گئے تھے اس لئے ہم آپ ﷺ کو بتا رہے ہیں کہ آج جو کچھ تیری قوم تجھ سے کر رہی ہے اور جو کچھ یہ لوگ بیا کر رہے ہیں ان سے پہلے لوگوں نے بالکل یہی کچھ کیا تھا شیطان نے ان کے اعمال بھی اچھے کر دکھائے تھے اور آج تمہاری قوم کے ساتھ بھی وہ وہی کچھ کر رہا ہے ان قوموں کو بھی ان کے اندر ہی کے شیطان نے سب کچھ سکھایا تھا اور آپ کے لوگوں کو بیھ ان کے اندر ہی کے شیطان نے ان باتوں پر اکسایا ہے اور وہ اس طرح کی باتیں بنا رہے ہیں جس طرح پہلے لوگ دنیا میں شیطان کے چیلے بنے رہے ہیں آج یہ لوگ بھی اس کے چیلے بنے ہوئے ہیں نہ انہوں نے اپنے خدا کو پہچانا اور نہ یہ لوگ پہچان رہے ہیں ، شیطان ہی ان کا دوست تھا اور آج یہ لوگ بھی اس کو یار بنائے ہوئے ہیں اور بلاشبہ ان کے لئے درد ناک عذاب تیار کھڑا ہے جس طرح اس نے پہلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا آج اسی طرح ان کو بھی اس نے لپیٹ میں لے رکھا ہے اگر برے اعمال کو یہ لوگ برے تصور کرتے تو آخر ان کے مرتکب کیوں ہوتے ؟ وہ ان اعمال کو کر رہے ہیں تو یقینا وہ ان کو برا نہیں سمجھتے تھے بلکہ یہ تو بہادری کے کام ان کو تصور کرتے ہیں اور ان کے اندر کے شیطان نے ایسی چاشنی لگائی ہے کہ ان سارے برے کاموں کو اس نے اچھا کردکھایا ہے اس لئے یہ لوگ انکو کبھی بھی چھوڑنے کے لئے تیار نہیں ہیں ۔
Top