Urwatul-Wusqaa - An-Nahl : 77
وَ لِلّٰهِ غَیْبُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ١ؕ وَ مَاۤ اَمْرُ السَّاعَةِ اِلَّا كَلَمْحِ الْبَصَرِ اَوْ هُوَ اَقْرَبُ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ عَلٰى كُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ
وَلِلّٰهِ : اور اللہ کے لیے غَيْبُ : پوشیدہ باتیں السَّمٰوٰتِ : آسمانوں وَالْاَرْضِ : اور زمین وَمَآ : اور نہیں اَمْرُ السَّاعَةِ : کام ( آنا) قیامت اِلَّا : مگر (صرف) كَلَمْحِ الْبَصَرِ : جیسے جھپکنا آنکھ اَوْ : یا هُوَ : وہ اَقْرَبُ : اس سے بھی قریب اِنَّ : بیشک اللّٰهَ : اللہ عَلٰي : پر كُلِّ : ہر شَيْءٍ : شے قَدِيْرٌ : قدرت والا
اور آسمانوں اور زمین کی جتنی مخفی باتیں ہیں سب کا علم اللہ ہی کے پاس ہے اور قیامت کا معاملہ بس ایسا سمجھو جیسے آنکھ کا جھپکنا بلکہ اس سے بھی جلد تر ، بیشک اللہ کی قدرت سے کوئی بات باہر نہیں
آسمانوں اور زمین کا غیب جاننے والا کون ہے ؟ فقط اللہ : 89۔ پچھلی دونوں آیتوں میں مخلوق کی بےبسی اور اللہ تعالیٰ کی عظمت و کمال کو بڑے دل نشیں پیرایہ میں بیان کیا گیا تھا اور بات کو مثالیں دے کر ذہن نشین کرایا گیا تھا اب اللہ تعالیٰ کے علم اور قدرت کی دلیل پیش کی جا رہی ہے کہ اللہ تعالیٰ وہ ذات ہے کہ آسمانوں اور زمین کے تمام غیبوں کو جاننا اس کے ساتھ مخصوص ہے کوئی انسان بھی اپنے حواس کے ذریعہ یا اپنی عقل کے زور سے ان کو نہیں جان سکتا ، غیب اسے کہتے ہیں جس کا ادراک نہ حواس سے ہوسکے اور نہ عقل وفکر سے ” مالا یدرک بالحس ولا یفھم بالعقل “۔ (بحر) غیب پر مطلع ہونے کا ایک ذریعہ ہے کہ اللہ تعالیٰ خود غیب سے اپنے کسی نبی ورسول کو مطلع کر دے اور جس کو کوئی بتانے والا ہو وہ اس کے بتانے کے بعد جن کو نہیں بتائی گئی انکے لئے بیشک غیب ہو سکتی ہے لیکن جس کو بتائی گئی اس کے لئے وہ غیب نہ رہی ، یہی وجہ ہے کہ علم غیب اللہ کے ساتھ مختص ہے کئی بھی غیب کو نہیں جان سکتا بجز اس کے اللہ تعالیٰ کو خود آگاہ کر دے اور ظاہر ہے کہ جس کو وہ آگاہ کردے گا اس کے لئے وہ غیب کیوں ہوا اگرچہ وہ دوسرے سارے لوگوں کے لئے غیب ہو۔ فرمایا کہ اس کی قدرت کا یہ عالم ہے کہ جب وہ قیامت بپا کرنا چاہے گا تو اس نظام کو درہم برہم کرنے کے لئے اسے صدیاں ‘ سال ‘ مہینے یا دن درکار نہیں ہوں گے بلکہ کم سے کم مدت جس کا تصور تم کرسکتے ہو وہ لمح بصر ہے بس اتنا وقت بلکہ اس سے بھی کم وقت میں یہ کچھ درہم برہم ہو کر رہ جائے گا ۔ کبھی ” تسبیح “ کا دھاگا ٹوٹتا تم نے دیکھا ہوگا ‘ اچھا نہیں تو کھینچ کر توڑ دو تم کو سارا منظر نظر آجائے گا بس اس طرح ہرچیز زیر وزبر کردی جائے گی ، جس کے علم کا یہ حال ہے اور جس کی قدرت کا یہ عالم ہے وہی خدائے برحق اور معبود برھق ہے اس کی مخلوق میں سے کسی کو یہ حق نہیں دیا جائے سکتا ۔
Top