Urwatul-Wusqaa - Al-Baqara : 242
كَذٰلِكَ یُبَیِّنُ اللّٰهُ لَكُمْ اٰیٰتِهٖ لَعَلَّكُمْ تَعْقِلُوْنَ۠   ۧ
كَذٰلِكَ : اسی طرح يُبَيِّنُ : واضح کرتا ہے اللّٰهُ : اللہ لَكُمْ : تمہارے لیے اٰيٰتِهٖ : اپنے احکام لَعَلَّكُمْ : تا کہ تم تَعْقِلُوْنَ : سمجھو
اس طرح اللہ تعالیٰ تم پر اپنی آیتیں واضح کردیتا ہے تاکہ تم سوچتے سمجھتے ہوئے عقل سے کام لو
گزشتہ احکام کی تاکید مزید کا پیارا انداز : 408: فرمایا جا رہا ہے کہ دیکھو گزشتہ آیات میں معاشرتی زندگی کی اکائی کے متعلق تم کو مختلف احکام دیئے گئے ہیں ، ان احکام میں ذرا غور و فکر اور عقل و تدبر سے کام لو گے تو تمہارے لیے اجتماعی زندگی کے قانون بھی اسی سے استنباط ہو سکیں گے اور پھر ان خاص احکام میں بھی ازدواجی زندگی کے قائم کرنے اور منقطع کرنے کے مختلف طریقے اور صورتیں بیان کی گئی ہیں جن میں کسی قسم کا ابہام نہیں بلکہ ہم نے اپنی آیتیں واضح کردی ہیں ۔ تاہم کوئی بات کتنی ہی واضح کیوں نہ ہو ، پیچیدگیاں پیدا کرنے والے کوئی نہ کوئی حجت نکال ہی لیتے ہیں۔ عقل والوں کی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ بات میں آسانی اور نرمی کا خیال کریں اور جس حال میں بھی ہوں عقل کو ہاتھ سے نہ جانے دیں کیونکہ عقل ہی وہ چیز ہے جس سے قرآن کریم کی ہدایات سمجھی جاسکتی ہیں اور پھر جو بات اچھی طرح سمجھ لی جائے اس پر عمل آسان ہوتا ہے۔
Top