Urwatul-Wusqaa - Al-Hajj : 21
وَ لَهُمْ مَّقَامِعُ مِنْ حَدِیْدٍ
وَلَهُمْ : اور ان کے لیے مَّقَامِعُ : گرز مِنْ حَدِيْدٍ : لوہے کے
نیز ان کی روک تھام کے لیے لوہے کے گرز ہوں گے
دوزخیوں کی سرکوبی کے لئے وہاں ہتھوڑے بھی استعمال کئے جائیں گے : 21۔ دوزخ کو ہم نے گزشتہ کئی ایک مقامات پر چوہوں کے پنجرہ سے تشبیہہ دی ہے جو محض اس لئے دی تھی کہ پنجرہ میں چوہا خود داخل ہوجاتا ہے اور نہایت آسانی کے ساتھ داخل ہوجاتا ہے لیکن وہ سوجتن کرے تو واپس نہیں نکل سکتا اور یہی حال دوزخیوں کا ہے کہ وہ داخل ہوتے وقت تو کتنی آسانی کے ساتھ داخل ہوتے جا رہے ہیں اور ہوتے رہیں گے لیکن جب وہاں سے نکلنے کی کوشش کریں گے تو قطعا نہیں نکل پائیں گے عذاب تو یہ بھی کم نہیں تھا لیکن ان کے عذاب میں مزید اضافہ اس طرح ہوگا کہ جب وہ نکلنے کی کوشش میں سر اوپر کریں گے تو اوپر سے ان پر لوہے کے ہتھوڑے یا گرز برسائے جائیں گے اور اس طرح گویا ان کے عذاب میں مزید شدت آجائے گی ۔ (مقامع) کی اصل م ق ع ہے اور اس اصل کا لفظ فقط ایک بار اسی جگہ (مقامع) استعمال ہوا ہے اور کسی مقام پر قرآن کریم میں اس مادہ کا لفظ نہیں آیا (قمع) کے اصل معنی روکنے کے ہیں اور لوہے کے ہتھوڑے اور گرز پر بھی یہ لفظ بولا جاتا ہے کہ وہ روکنے ہی کے آلہ ہیں ۔
Top