Urwatul-Wusqaa - Al-Muminoon : 118
وَ قُلْ رَّبِّ اغْفِرْ وَ ارْحَمْ وَ اَنْتَ خَیْرُ الرّٰحِمِیْنَ۠   ۧ
وَقُلْ : اور آپ کہیں رَّبِّ : اے میرے رب اغْفِرْ : بخش دے وَارْحَمْ : اور رحم فرما وَاَنْتَ : اور تو خَيْرُ الرّٰحِمِيْنَ : بہترین رحم کرنے والا ہے
اور آپ فرما دیجئے ، اے میرے رب ! بخش دے اور رحم فرما تجھ سے بڑھ کر کوئی رحم کرنے والا نہیں !
اہل ایمان کے لئے دعا کے رنگ میں مدد ونصرت کی بشارت : 118۔ فرمایا اے پیغمبر اسلام ! ﷺ اپنے عزم وجزم کے ساتھ توحید پر قائم رہئے اور اللہ تعالیٰ سے بخشش ومغفرت طلب کرتے رہئے یہی وہ ہتھیار ہے جو نہتوں کے کام آنے والا ہے اور مخالفین میں سے ہاتھوں والوں کے ہاتھ شل کر کے رکھ دیتا ہے اور مذاق اڑانے والوں کو آن کی آن میں مذاق و استہزاء بنا دیتا ہے جس سے وہ حیران و ششدر رہ جاتے ہیں اور اس طرح دیکھنے والوں کو وہ مذاق ہی مذاق نظر آنے لگتے ہیں فرمایا آپ اس دعا کو جاری رکھیں تمہاری زبان اس ورد پر لگی رہے اور تمہارے ہاتھ اس کے قانون کے مطابق حرکت کریں یہی مغفرت ورحمت الہی کی کلید ہے اور وہ دن عنقریب آنے والے ہیں کہ رحم کرنے والے کے رحم کی بارش آپ پر ہوگی اور کامیابی و کامرانی آپ کے حصے میں آئے گی یہ خوشخبری آپ ﷺ کو سنا دی گئی اور آپ ﷺ نے اپنی امت کے لوگوں تک من وعن پہنچا دی اور پھر زمانہ گواہ ہے کہ زیادہ دیر نہ لگی کہ بڑے بڑے بادشاہوں کہ سر اللہ رب ذوالجلال والاکرام کے لئے جھک گئے اور اس سورت کا مضمون اس ورد خاص پر ختم ہوگیا کہ رب اغفر وارحم وانت خیر الراحمین ۔ عبدالکریم اثری : ٹھٹہ عالیہ 13۔ مارچ 1997 ء : بعد از نماز عصر :
Top