Urwatul-Wusqaa - Ash-Shu'araa : 150
فَاتَّقُوا اللّٰهَ وَ اَطِیْعُوْنِۚ
فَاتَّقُوا : سو ڈرو تم اللّٰهَ : اللہ وَاَطِيْعُوْنِ : اور میری اطاعت کرو
پس اللہ سے ڈرو اور میری اطاعت کرو
صالح (علیہ السلام) نے کہا کہ تم اللہ سے ڈرو اور میری فرمانبرداری کرو : 150۔ وہی تنبیہہ جو گزشتہ انبیاء کرام (علیہ السلام) نے اپنی اپنی قوموں کو کی تھی وہی صالح (علیہ السلام) بھی اپنی قوم کو کر رہے ہیں کہ اللہ رب ذوالجلال والاکرام سے ڈرنے کی بجائے تم اپنے ان مذہبی اور سیاسی لیڈروں کے خوف سے میری مخالفت میں ڈٹے ہوئے ہو حالانکہ تم کو اللہ تعالیٰ کا ڈر اختیار کرنا چاہئے تھا اور میری فرمانبرداری کرنی چاہئے تھی کیونکہ میں تم کو اللہ رب ذوالجلال والاکرام ہی کا پیغام پہنچا رہا ہوں پھر تم سے ایک ایک بات وہی کہی جا رہی ہے جو میرے سے پہلے اللہ کے فرستادہ تمہارے سے پہلی قوموں کو کہتے رہے ان کا انجام تم نے سنا لیکن اس کے باوجود تم کو ڈرا احساس نہ ہوا کہ جو حال ان قوموں کا ہوا وہی حال کہیں ہمارا نہ ہوجائے کیا تم لوگ اتنی جلدی بھول جانے والے ہو حق تو یہ تھا کہ تمہارے یہ سارے مذہبی اور سیاسی لیڈر بھی اپنی اپنی حرکتوں سے باز آجائے ‘ نہ خود بھٹکتے اور نہ تم کو راہ سے بھٹکنے دیتے لیکن انہوں نے بھی اپنے پیش روؤں کی سنت کو اپنایا اور اسی طرح نافرمانیاں کرنے لگے جس طرح ان سے پہلے کرتے رہے تھے کی کیا پھر ضروری نہیں ہے کہ ان کا انجام بھی وہی ہو جو ان کا ہوا ۔
Top