Urwatul-Wusqaa - Ash-Shu'araa : 210
وَ مَا تَنَزَّلَتْ بِهِ الشَّیٰطِیْنُ
وَ : اور مَا تَنَزَّلَتْ : نہیں اترے بِهِ : اسے لے کر الشَّيٰطِيْنُ : شیطان (جمع)
اور اس ( قرآن کریم) کو شیطان لے کر نہیں اترے
اس قرآن کریم کو شیطان تولے کر نہیں اترے تھے : 210۔ مخالفین قرآن کے ادہام کی تردید کی جارہی ہے کہ تم مخالفت کے باعث یہ کہتے ہو کہ اس کلام کو اس شخص پر کسی جن یا شیطان کی طرف سے القا کیا جاتا ہے حالانکہ ایسے کلام کی شیطان یا جن کی طرف نسبت کرنا خود اپنی عقل کا جنازہ نکالنے کے مرادف ہے کیونکہ شیطان جو مجسمہ برائی ہے اس سے سراسر خیر ہی خیر کا صدور کیوں اور کیسے ؟ اچھا اگر تم نے اس کی نسبت شیطان یا جن کی طرف کی ہے تو اس کا ثبوت پیش کرنا بھی تو تمہارے ہی ذمہ کی بات ہے ، صرف ایک بات کہہ دینا جس کا کوئی سرپیر نہ ہو بذاتہ جنون کی نشانی ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ شیطان ہی نے تم کو متاثر کیا ہے جس کے باعث تم خود ایسی بہکی بہکی باتیں کر رہے ہو جن کا ثابت کرنا تمہارے بس کا روگ نہیں ہے ۔
Top