Urwatul-Wusqaa - An-Naml : 39
قَالَ عِفْرِیْتٌ مِّنَ الْجِنِّ اَنَا اٰتِیْكَ بِهٖ قَبْلَ اَنْ تَقُوْمَ مِنْ مَّقَامِكَ١ۚ وَ اِنِّیْ عَلَیْهِ لَقَوِیٌّ اَمِیْنٌ
قَالَ : کہا عِفْرِيْتٌ : ایک قوی ہیکل مِّنَ الْجِنِّ : جنات سے اَنَا اٰتِيْكَ : میں آپ کے پاس لے آؤں گا بِهٖ : اس کو قَبْلَ : اس سے قبل اَنْ تَقُوْمَ : کہ آپ کھڑے ہوں مِنْ مَّقَامِكَ : اپنی جگہ سے وَاِنِّىْ : اور بیشک میں عَلَيْهِ : اس پر لَقَوِيٌّ : البتہ قوت والا اَمِيْنٌ : امانت دار
جنوں میں سے ایک طاقتور جن نے کہا کہ میں اس کو حاضر کیے دیتا ہوں اس سے پہلے کہ آپ اپنی جگہ سے (اس کے استقبال کے لیے) اٹھیں اور میں اس کام کے لیے طاقتور ، امانتدار ہوں
ایک شخص نے جو لشکر جن کا آدمی تھا پہل کی اور کہا کہ میں اس خدمت کیلئے تیار ہوں : 39۔ یہ بات پیچھے بڑی وضاحت سے گزر چکی ہے کہ حضرت سلیمان (علیہ السلام) نے عسکری طاقت وقوت کو تین لشکروں میں تقسیم کیا تھا ایک لشکر کو لشکر جن ‘ دوسرے کو لشکر انس اور تیسرے کو لشکر طیر کا نام دیا گیا تھا اور یہ بات بھی آپ پڑھ چکے ہیں کہ جس شخص نے ملک سبا کی خبر حضرت سلیمان (علیہ السلام) تک پہنچائی تھی وہ لشکر طیر کا جوان تھا بہرحال اس وقت جب حضرت سلیمان (علیہ السلام) نے تخت کے بنانے کا کہا تو سب سے پہلے جو شخص اس خدمت کے لئے کھڑا ہوا وہ لشکر جن کا آدمی ہے جس کا نام عفریت تھا یا اس کو شیر ہونے کے باعث ایسا کہا گیا ہے بہرحال اس نے کہا کہ میں اس کے لئے تیار کرا سکتا ہوں اس سے پہلے کہ آپ کو اس کے استقبال کے لئے یہاں سے کھڑا ہونا ہوگا اور بلاشبہ مجھ میں ایسی صلاحیت ہے کہ میں اس جیسا یا اس سے بہتر عرش پیش کروں گا اور اس معاملہ میں طاقت وقوت کے ساتھ ساتھ میں امانت دار بھی ہوں کہ جو خرچ ہوگا اس میں دیانت داری سے کام کروں گا ۔
Top